اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان میں غیرجوہری بم حملے کے نتیجے میں سرحدی علاقوں میں بھی عمارتیں شدید طور پر متاثر ہوگئی ہیں۔ امام بارگاہوں، مساجد اور گھروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ عینی شاہدین اور قبائلی عمائدین کے مطابق افغانستان کے علاقے ننگرہار میں امریکہ کی جانب سے غیر جوہری بم حملے کے نتیجے میں پاکستانی علاقے کرم ایجنسی میں بھی گھروں، مساجد اور امام بارگاہوں کو نقصان پہنچا ہے۔ قبائلی عمائدین نے بتایا کہ امریکی حملے کے وقت اپنے گھروں میں موجود تھے کہ اس دوران زلزلے کے جھٹکے جیسے محسوس ہوئے جس کے نتیجے میں گھروں، مساجد اور امام بارگاہوں میں دراڑیں پڑگئی، صبح انہیں پتہ چلا کہ یہ زلزلہ نہیں بلکہ افغانستان میں جو حملہ کیا گیا ہے اور ننگر ہار میں غیر جوہری بم کے گرائے جانے کے نتیجے میں یہ نقصان ہوا ہے۔ قبائلی عمائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ متاثرین کے ساتھ فوری امداد کی جائے۔ پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ افغانستان کے صوبہ ننگرہار سے ملحقہ علاقوں سے قبائلی عمائدین نے انہیں نقصان کی اطلاع دی ہے اور پولیٹیکل انتظامیہ کی ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں ہیں اور نقصانات کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲