اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے ضلعی اور زونل صدور و سیکریٹری صاحبان کا ایک غیر معمولی اجلاس تنظیم کے سربراہ حجة الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں صدر دفتر پر منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کے تمام شعبہ جات کی سالانہ کارکردگیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ شعبہ تعلیم تنظیم کا سب سے اہم اور اولین ترجیح کا حامل شعبہ ہے اس کا تنظیم کے اساسی نصب العین سے چولی دامن کا ساتھ ہے۔ شعبہ تعلیم کو مذید فعال اور نتیجہ خیز بنانے کے لئے ہر چھوٹے بڑے کارکن کا عملی تعاون بہر حال ناگزیر ہے۔ انجمن شرعی شیعیان کے شعبہ تعلیم جامعہ باب العلم کی خدمات کو ایک کھلی کتاب سے تعبیر کرتے ہوئے اجلاس میں کہا گیا کہ اطفال قوم کو ابتدائی دینی تعلیم سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ عام لوگوں کو شریعت شناس بنانے میں جامعہ باب العلم کی دیرینہ خدمات شیعیان کشمیر کی تاریخ کا ایک درخشان باب ہے اجلاس میں شعبہ تبلیغ ، شعبہ عزاداری، شعبہ رفاہ عامہ ،شعبہ سیاست اور شعبہ روابط عامہ کی کار کردگیوں کا تفضیلی جائزہ لیتے ہوئے تنظیمی عہدہ داروں سے تاکید کی گئی کہ وہ ان شعبہ جات کو مزید متحرک بنانے کے لئے اپنی مشاورت سے تنظیم کو مستفید کرتے رہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آغا صاحب نے شعبہ جات کی کارکردگیوں پر اطمینان ظاہر کرتے ہوئے ضلعی اور زونل صدور و سیکریٹری صاحبان سے تاکید کی کہ وہ تنظیم کے دینی اور سیاسی پروگرام کو رو بہ عمل لانے میں اپنی صلاحیتوں کو ہر سطح پر بروئے کار لائیں آغا صاحب نے وادی میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کو کشمیری محکوم عوام کے زخموں کی نمک پاشی اور سال گزشتہ کی پانچ ماہی ہمہ گیر احتجاجی تحریک کے دوران اہل وادی پر ڈھائے گئے رکارڑ توڑ مظالم کی گونج سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی ناکام کوشش قرار دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ وہ ان انتخابات سے مکمل لا تعلقی کا مظاہرہ کریں اور اپنے شہدا کی قربانیوں کے ساتھ شعوری طور پر تجدید وفا کریں ۔دریں اثناءقبل ازین انجمن شرعی شیعیان کے یوتھ آرگنا ئزیشن کا اجلاس بھی آغا صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں یوتھ آرگنائزیشن کو مزید منظم کرنے کے کئی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آغا صاحب نے شعبہ جوانان پر زور دیا کہ وہ خدمت خلق اور اصلاح معاشرہ کے امورات میں مزید دلچسپی کا مظاہرہ کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲