اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ترک وزیراعظم ییلدریم نے اپنے ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں دعوی کیا کہ شام میں ترک فوج کا آپریشن فرات شیلڈ ختم ہوگیا ہے اور شام میں ترک فوج کی مزید کارروائیاں بھی کسی دوسرے عنوان سےانجام دی جائیں گی- ترک وزیراعظم نے اس سوال کا کوئی جواب نہیں دیا کہ ترک فوجوں کو شام سے واپس بلایا جائے گا یا نہیں - انہوں نے کہا کہ داعش یا کسی دیگر دہشت گرد گروہ کے خلاف کارروائی کی ضرورت ہوئی تو ترکی، کسی اور عنوان سے کارروائی انجام دے گا - ترک وزیراعظم نے یہ بیان صدر رجب طیب اردوغان کی زیرصدارت ملک کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے اجلاس کے بعد دیا - ترکی کی نیشنل سیکورٹی کونسل کے بیان میں کہا گیا ہے کہ فرات شیلڈ آپریشن ترکی کی سلامتی کو یقینی بنانے کی غرض سے انجام دیا گیا تھا- بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کا مقصد داعش کے خطرے کو روکنا اور شامی پناہ گزینوں کو ان کے گھروں کو واپس بھیجنا تھا- واضح رہے کہ انقرہ نے ایک ایسے وقت شام میں فرات شیلڈ نامی اپنے فوجی آپریش کے مکمل ہونے کا اعلان کیا ہے جب اس نے اس سے پہلے کہا تھا کہ یہ آپریشن اس وقت تک جاری رہے گا کہ جب تک سبھی دہشت گردوں کا صفایا نہیں کر دیا جاتا-
.....
/169