اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا کی رپورٹ کے مطابق بغداد میں دفاعی سازوسامان کی نمائش کی افتتاحی تقریب میں عراق کے وزیرداخلہ، مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کے مشیر اور عراق کے متعدد فوجی کمانڈروں کے ہمراہ بغداد میں متعین مختلف ملکوں کے سفیروں اور فوجی اتاشیوں نے شرکت کی-
عراق کے وزیرداخلہ قاسم الاعرجی نے دفاعی ساز وسامان کی نمائش کی افتتاحی تقریب میں کہا کہ عراق کے دفاعی سازوسامان کی چھٹی نمائش، ایک ایسے وقت ہو رہی ہے جب عراق کی مسلح افواج، داعش کے خلاف فیصلہ کن فتح کے قریب ہیں-
مسلح افواج کے سپریم کمانڈر کی حیثیت سے عراقی وزیراعظم حیدرالعبادی نے اس نمائش کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ہم پہلے مجبورتھے کہ ہتھیار خریدنے کے لئے عراق سے باہر کا دورہ کریں لیکن بغداد میں اس نمائش کے انعقاد نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ آج عراق میں امن و استحکام لوٹ آیا ہے-
عراقی وزیراعظم نے اپنے پیغام میں اس امید کا اظہار کیا کہ اس قسم کی نمائشوں کا انعقاد اور سرگرمیاں، علاقائی اور عالمی سطح پر امن و صلح کا پیش خیمہ ثابت ہوں گی- عراقی وزیراعظم اور سپریم کمانڈر کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل خالد حمود نے بھی، جنھوں نے حیدرالعبادی کا پیغام پڑھ کر سنایا، اپنی تقریر میں کہا کہ بغداد کی دفاعی نمائش میں اتنی بڑی تعداد میں ملکوں اور اسلحہ ساز کمپنیوں کی شرکت، عراق میں امن و استحکام کی واضح دلیل ہے-
واضح رہے کہ بغداد میں دفاعی ساز وسامان کی چھٹی نمائش میں دنیا کے اکیس ملکوں کی اسّی اسلحہ ساز کمپنیاں، شریک ہیں جن میں اسلامی جمہوریہ ایران بھی سرگرم طریقے سے شریک ہے- اس کے علاوہ روس، برطانیہ، امریکا، جنوبی کوریا، فرانس اور چین جیسے ممالک بھی بغداد کی دفاعی نمائش میں شریک ہیں-
قابل ذکر ہے کہ بغداد میں دفاعی سازوسامان کی چھٹی نمائش کا نعرہ ہے ہم متحد ہوئے اور کامیاب ہو گئے-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲