3 مارچ 2017 - 08:56
انقلاب اسلامی کی اعلی ثقافتی کونسل کے رکن حداد عادل ہندوستان کے دورے پر

ایران کے ادارہ فروغ فارسی زبان و ادب کے سربراہ غلام علی حداد عادل نے جمعرات کو نئی دہلی میں ہندوستان کے نائب صدر محمد حامد انصاری سے ملاقات کی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان کے نائب صدر محمد حامدانصاری نے اس ملاقات میں کہا کہ ایران اور برصغیر ہند کے تعلقات کی تاریخ بہت پرانی ہے اور دونوں قوموں کے درمیان گہرے ثقافتی اور لسانی رشتے اس بات کا باعث بنے ہیں کہ دونوں ملکوں کے سیاسی اور اقتصادی تعلقات بھی فروغ پائیں-

اس ملاقات میں جنوبی اور مغربی ایشیا میں دہشت گردی اور اس کے مقابلے کے طریقوں اور برصغیر میں فارسی زبان و ادب کے فروغ نیز ایران اور ہندوستان کے درمیان ثقافتی تعلقات میں توسیع پر بھی بات چـیت ہوئی-

اس ملاقات کے اختتام پر ایران کے ادارہ فروغ فارسی زبان و ادب کے سربراہ غلام علی حداد عادل نے ہندوستان کے نائب صدر حامد انصاری کو اسلامی جمہوریہ ایران کا دورہ کرنے کی دعوت دی-

واضح رہے کہ ایران کی ممتاز ادبی شخصیت اور سابق پارلیمانی اسپیکر ڈاکٹر غلام علی حداد عادل، ہندوستان کے معروف فارسی شاعر بیدل دہلوی پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں ہونے والے بین الاقوامی سیمینار میں شرکت کے لئے ہندوستان کے دورے پر ہیں-

یہ سہ روزہ سیمینار ایران اور ہندوستان کی ادبی اور ثقافتی تنظیموں اور اداروں کے تعاون سے ہو رہا ہے جو جمعے تک جاری رہے گا- اس سیمینار میں ایران، ہندوستان، افغانستان اور تاجیکستان کی ایک سو چالیس ادبی شخصیات، محققین اور فارسی زبان و ادب سے تعلق رکھنے والے دانشور شریک ہیں-

۔۔۔۔۔۔۔

/169