اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق جموں و کشمیر پیروان ولایت کے سربراہ مولانا سبط محمد شبیر قمی نے خاتونِ جنت حضرت فاطمہ زہرا (س) کے یومِ وفات پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے تمام امت مسلمہ بالخصوص آپ کے فرزند حضرت حجت ابن الحسن عسکری (ع) اور آپ کے نائب حضرت امام خامنہ ای کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ہے۔ سرینگر سے جاری اپنے ایک بیان میں مولانا سبط شبیر قمی نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا (س) ولایت کی اولین حامی خاتون تھیں، جس نے اپنی زندگی کا لمحہ لمحہ اسلام اور مسلمانوں کی سربلندی کے خاطر وقف کر رکھا۔ انہوں نے کہا حضرت فاطمہ زہرا (س) نے کائنات کی اتنی بڑی شخصیت ہونے کے باوجود بھی نہایت سادگی سے زندگی گذاری اور اپنی زندگی کے قلیل دور میں اسلام کی اتنی خدمت کی، جس کی مثال بعد میں مل نہ سکی۔
مولانا سبط شبیر قمی نے کہا سیدة النساء العالمین کی سیرت تمام خواتین کے لئے مشعل راہ ہے، آج کی عورت اگر آپ کی زندگی کو اپنے لئے اسوہ بنا لے تو اس وقت خواتین جن مشکلات میں گرفتار ہیں وہ برطرف ہوجائیں گے۔ انہوں نے عالم اسلام کی خاموش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اربوں کی تعداد میں مسلمان رسول اسلام (ص) سے محبت کا دعوٰی تو کرتے ہیں، لیکن شہزادی کونین کی قبر مطہر پر سایہ کا کوئی انتظام نہیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہزادی کونین اس وقت بھی مظلومہ ہیں، جو نام نہاد مسلمانوں کے لئے ذلت کا مقام ہے۔
.......
/169