4 جنوری 2017 - 13:16
اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ کے دفتری نظام کی اصلاح پر زور دیا

اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل نے عالمی مسائل ومشکلات کے حل میں اس بین الاقوامی ادارے کی ناکامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے دفتری نظام کی اصلاح پر زور دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے اقوام متحدہ کے کارکنوں کے اجتماع میں اس ادارے کے قوائد و ضوابط میں پائی جانے والی خامیوں اور نقائص کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس بین الاقوامی ادارے کی کامیابی ، ایسے قوانین سے رہائی حاصل کرنے سے مشروط ہے کہ جو اس ادارے پر بوجھ ہیں- اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل نے اسی طرح دہشت گردی کے وجود کو، عالمی تنازعات اور لڑائیوں کا نتیجہ قرار دیا۔

انتونیو گوترش نے اقوام عالم خاص طور پر ٹیکنالوجی اور اقتصادی شعبوں میں بڑھتی ہوئی عدم مساوات کے بارے میں کہا کہ دنیا میں یہی عدم مساوات اور تفریق، لوگوں میں غم وغصہ اور برہمی اور مختلف علاقوں میں باہمی تنازعات اور عدم استحکام پیدا ہونے کا سبب بنی ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دنیا کو درپیش بڑے چیلنجوں خاص طور پر بڑھتی ہوئی آبادی اور آب و ہوا کی تبدیلی کو آج کی سب سے بڑی مشکل قرار دیا اور کہا کہ ان چیلنجوں سے مقابلے کے لئے تمام ملکوں کو متحد ہوکر کوششیں انجام دینے کی ضرورت ہے- اقوام متحدہ کے نئے سیکریٹری جنرل انتونیو گوترش نے پہلی جنوری دو ہزار سترہ سے پانچ سال کے لئے، بان کی مون کی جگہ سنبھال لی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169