25 نومبر 2016 - 12:58
شام؛ الرقہ میں پناہ گزینوں کے مرکز پر امریکی جنگی طیاروں کی بمباری، دس پناہ گزیں جانبحق

امریکا کے جنگی طیاروں نے شام میں پناہ گزینوں کے ایک کیمپ پر بمباری کر دی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ارنا نے شام کے شمالی صوبے رقہ کے مقامی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ رقہ کے شمال میں پناہ گزینوں کے ایک مرکز پر امریکا کے جنگی طیاروں کی بمباری میں کم سے کم دس پناہ گزین جاں بحق اور دسیوں دیگر زخمی ہوگئے۔

یاد رہے کہ امریکا کی قیادت میں نام نہاد دہشت گردی مخالف اتحاد کے جنگی طیاروں نے بھی تین دن پہلے رقہ کے شمال میں واقع صالحیہ نامی دیہی علاقے پر بمباری کر دی تھی۔ اس بمباری میں ایک ہی گھر کے چھے افراد سمیت کم سے کم دس عام شہری مارے گئے تھے۔

قابل ذکر ہے کہ امریکا اگست دو ہزار چـودہ سے نام نہاد داعش مخالف بین الاقوامی اتحاد بنا کے عراق اور شام میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کے بہانے مسلسل عام شہریوں پر حملے کر رہا ہے۔ امریکا نے یہ نام نہاد داعش مخالف اتحاد اقوام متحدہ سے کسی بھی قسم کی ہم آہنگی کے بغیر تشکیل دیا ہے۔ امریکا کے اس نام نہاد داعش مخالف اتحاد میں وہی حکومتیں شامل ہیں جنہوں نے امریکا کے ساتھ مل کے داعش کی تشکیل اور تقویت میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔

عراق اور شام میں جب بھی تکفیری دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں تیزی آتی ہے تو امریکی اتحاد کے جنگی طیارے داعش اور دیگر تکفیری دہشت گرد گروہوں کے خلاف جنگ میں مصروف افواج اور عام شہریوں پر حملے شروع کر دیتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲