15 نومبر 2016 - 17:42
امریکی سیاسی نظام کے خلاف طلبہ و طالبات بھی سڑکوں پر آگئے

امریکہ میں موجودہ سیاسی نظام کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور سیکڑوں طلبہ و طالبات نے لاس اینجلس اور سیاٹل کی سڑکوں پر مارچ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ دوسرے ہفتے میں داخل ہوگیا ہے اور لاس اینجلس اور سیاٹل کے اسکولی طلبہ و طالبات نے کلاسوں کا بائیکاٹ اور ‎سڑکوں پر احتجاج کیا ہے۔ مظاہروں میں شریک طلبہ و طالبات صدر کی حثیت سے ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب کے خلاف غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے نعرے لگا رہے تھے کہ ٹرمپ ہمارے صدر نہیں۔ سیاٹل کے اسکول ایجوکیشن کے ایک اعلی عہدیدار کے مطابق پیر کے روز بیس ہائی اسکولوں کے تقریبا پانچ ہزار طلبہ و طالبات نے کلاسوں کا بائیکاٹ اور موجودہ سیاسی نظام کے خلاف مظاہروں میں حصہ لیا۔
دوسری جانب امریکہ بھر میں ڈونلڈ ٹرمپ کے انتخاب کے بعد شروع ہونے والے مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے اور نیویارک اور لاس اینجلس میں ہزاروں لوگوں نے مظاہرے کیے ہیں۔ مظاہرین نعرے لگا رہے تھے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے شہری اور انسانی حقوق کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
مظاہرین تارکین وطن اور مسلمانوں کے بارے میں ڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کے خلاف بھی نعرے لگارہے تھے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ریاست ارویگن کے سب سے بڑے شہر پورٹ لینڈ میں مظاہروں کے دوران توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے الزام میں اکہتر افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہاں اس بات کا ذکر ضروری ہے کہ ہفتے کی شب پورٹ لینڈ میں امریکہ کے سیاسی نظام کے خلاف ہونے والے پرتشدد مظاہروں میں متعدد مظاہرین اور پولیس اہلکار زخمی ہوگئے تھے۔

.......

/169