12 نومبر 2016 - 13:14
کراچی میں دھشتگردی کے دو واقعات/ پولیس اہلکار اور طالبعلم شہید

راچی میں دہشت گرد ایک مختصر وقفے کے بعد دوبارہ سرگرم، دہشت گردی کی تازہ لہر میں ایک پولیس اہلکار اور ایک طالبعلم شہید کردیئے گئے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔  کراچی میں دہشت گرد ایک مختصر وقفے کے بعد دوبارہ سرگرم، دہشت گردی کی تازہ لہر میں ایک پولیس اہلکار اور ایک طالبعلم شہید کردیئے گئے لیکن حکومت سندھ کی جانب سےنوٹس لینے اور تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے پر مبنی روایتی بیان سے بڑھ کر کوئی ٹھوس عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔ ایسے واقعات کے بعد اسنیپ چیکنگ ایک رات کے لئے بڑھادی دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق، کراچی میں دہشت گردی کے دو واقعات میں ایک طالبعلم اور ایک پولیس اہلکار شہید جبکہ دو طلبہ زخمی ہوگئے ہیں۔

جمعہ کی شب نارتھ کراچی میں پولیس اہلکار رضوان کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔ مقتول کرائم برانچ میں تعینات تھے۔

دہشت گردی کا ایک اور لرزہ خیز واقعہ گلستان جوہر میں محکمہ موسمیات کے نزدیک پیش آیا جہاں دہشت گردوں نے تین طلبہ کو ہدف بناکر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک طالبعلم شہید اور دو دیگر زخمی ہوگئے۔

مقتول مرتضیٰ ایک نجی یونیورسٹی میں بیچلرآف بزنس ایڈمنسٹریشن کا طالبعلم تھا۔ زخمیوں کی شناخت شاہد اور حسان کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ گلستان جوہر میں دہشت گردی کا نشانہ بننے والے طلبہ شیعہ مسلمان ہیں۔

دوسری جانب مجلس وحدت مسلمین کے ترجمان نے دہشت گردی کے ان واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کالعدم دہشت گرد گروہ سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں کو جڑ سے کچلنے کا مطالبہ کیا ہے۔

 اس تنظیم کے سیکریٹری اطلاعات نے کہا ہے کہ سندھ حکومت، پولیس اور رینجرز اگر اپنی توجہ دہشت گردی کی سرکوبی پر مرکوز رکھتے ہوئے عملی اقدامات کریں تو دہشت گردی کا خاتمہ جلد ممکن بنایا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب شیعہ علماء کونسل کے علامہ ناظر تقوی نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ اگر دہشت گردی کا سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو عوام کا حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے بھروسہ اٹھ جائے گا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲