3 نومبر 2016 - 10:15
یوم اللہ ۱۳ آبان عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کا دن/ پورے ایران میں مظاہرے، امریکہ و اسرائیل کے پرچم نذر آتش

پورے ایران میں تیرہ آبان مطابق تین نومبر کا دن عالمی سامراج کے خلاف جدو جہد کا دن ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سینتیس سال قبل آج ہی کے دن یعنی تیرہ آبان انیس سو اناسی میں حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ کے پیرو مسلم طلبا نے ایران کے اسلامی انقلاب کے خلاف امریکہ کی مختلف سازشوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے تہران میں امریکہ کے سفارت خانے ( جاسوسی کے اڈے)  پرقبضہ کرلیا تھا۔

 تیرہ آبان یا تین نومبر کا دن عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کے تین عشروں کے دوران ایران کے اسلامی انقلاب کی تاریخ کے تین اہم اور فیصلہ کن واقعات کی یاد دلاتا ہے۔ اس روز امام خمینی (رح) کو ترکی جلاوطن کیا گیا تھا، ظالم شاہی حکومت نے اسکولی طلبہ کا قتل عام کیا تھا، اور امام خمینی کے پیروکار طلبہ کے ایک گروہ نے تہران میں امریکہ کے سفارت خانے نما جاسوسی کے اڈے پر قبضہ کیا تھا۔

عالمی سامراج کے خلاف ایرانی عوام کی جد وجہد کے مختلف ادوار میں رونما ہونے والے تینوں واقعات اسلامی انقلاب کی تاریخ میں سنگ میل کی حثیت رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایران کے سرکاری کیلنڈر میں اس دن کو عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کا قومی دن قرار دیا گیا ہے۔

ایران کے عوام اس دن یعنی عالمی استکبار سے مقابلے کے قومی دن کی مناسبت سے ہر سال سامراج کے خلاف اپنے اتحاد و یکجہتی اور قومی اقتدار کا مظاہرہ کرتے ہوئے عالمی سامراجیت کے خلاف ریلیاں نکالتے اور استکبار مخالف نعرے لگاتے ہیں-

عالمی سامراج کے خلاف جدوجہد کا قومی دن دراصل ملت ایران کی یکجہتی اور طاقت و عظمت کی علامت بن کر سامنے آیا ہے۔ اسی بنا پر اس دن کو ایران میں عالمی سامراج کے خلاف قومی دن کے طور پر منایا جاتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے بانی حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ اس دن کی اہمیت کو بیان کرتے ہوئے فرماتے ہیں کہ میں پورے یقین کے ساتھ یہ بات کہہ رہا ہوں کہ اسلام نے عالمی طاقتوں کا غرور خاک میں ملا دیا ہے۔

اس عالمی استکبار کے خلاف جدوجہد کے قومی دن کی مناسبت سے پورے ایران میں امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے-

تہران سمیت پورے ایران میں تیرہ آبان کی مناسبت سے نکالی گئی ریلیوں میں لاکھوں افراد نے شرکت کی - تہران میں بھی ریلی کے شرکاء نے امریکہ کے سابق سفارتخانے ( جاسوسی کے اڈے) کے سامنے امریکہ اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے-

ریلیوں کے شرکاء نے امریکہ مردہ باد ، اسرائیل مردہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے اور ہر قسم کے ظلم و بربریت کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا -

تیرہ آبان کی مناسبت سے طلباء تنظیموں نے الگ الگ بیانات میں اسلامی انقلاب کی امنگوں اور اہداف کو جاری رکھنے اورامریکہ کے جھوٹے وعدوں پر اعتماد نہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲