30 اکتوبر 2016 - 08:17
نوازشریف نے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کو عہدے سے برطرف کردیا

وزیراعظم پاکستان نوازشریف نے قومی سلامتی سے متعلق کوتاہی برتنے پر وفاقی وزیراطلاعات و نشریات پرویزرشید کو ان کے عہدے سے برطرف کردیا ہے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق رواں ماہ کے شروع میں ڈان اخبار میں شائع ہونے والی خبر کی ابتدائی تحقیقات کے بعد وزیراعظم نوازشریف نے پرویز رشید کو برطرف کر دیا ہے- اس درمیان وزیراعظم کے ترجمان نے کہا ہے کہ سرل المیڈا کی خبر کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہو گئی ہے اور بہت جلد اس کو قوم کو سامنے لایا جائے گا- پاکستانی وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ غلط خبر کی وجہ سے ان سے استعفا لے لیا گیا ہے-

اس درمیان سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اخبار میں چھپنے والی خبر قومی سلامتی کے منافی ہے اور تحقیقات کے مطابق پرویز رشید سے کوتاہی ہوئی اس لئے آزادانہ تحقیقات کے لئے انہیں وزارت چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے-

ڈان میں چھپنے والی خبر میں کہا گیا تھا کہ اہم اجلاس میں حکومت نے انتہائی محتاط اور غیر معمولی طور پر صراحت کے ساتھ فوجی قیادت کو یہ پیغام پہنچادیا ہے کہ عالمی سطح پر پاکستان تیزی کے ساتھ تنہا ہوتا جا رہا ہے لیکن بعد میں وزیراعظم ہاؤس کی جانب سے اس خبر کی بارہا تردید کی گئی تھی-

اس خبر کے سامنے آنے کے بعد فوج کے سربراہ کی قیادت میں ہونے والے فوجی کمانڈروں کے اجلاس میں خبر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ یہ قومی سلامتی کے منافی خبر ہے-

دوسری جانب وزیردفاع خواجہ آصف اپنے اہل خانہ کے ہمراہ دبئی روانہ ہو گئے ہیں- پاکستان سے روانگی سے قبل خواجہ آصف نے اپنے سلسلے میں گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عزیز کی شادی میں شرکت کے لئے دبئی جا رہے ہیں اور اتوار کو واپس پاکستان لوٹ آئیں گے- خواجہ آصف کی دبئی روانگی کو مختلف حلقوں میں معنی خیز نگاہوں سے دیکھا جا رہا ہے-

اس درمیان پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے پرویز رشید کو عہدے سے ہٹائے جانے اور وزیردفاع خواجہ آصف کی اہل خانہ کے ہمراہ دبئی روانگی کی خبروں پر کہاکہ ان کے اپنے لفظوں میں ایک درباری فارغ ہوگیا اور دوسرا ملک سے فرار کرگیا اور باقی ڈر سے کانپ رہے ہیں۔

.....

/169