اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ المیادین ٹیلی ویژن چینل نے خبردی ہے کہ عراقی افواج نے جمعے کو موصل کے جنوب میں کم سے کم چار دیہی بستیوں کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا ہے - اس درمیان عوامی رضاکارفورس کا پہلا دستہ جمعے کو موصل کے مغربی محاذ پر پہنچ گیا ہے جہاں وہ موصل کو آزاد کرانے کے لئے ایک نیا محاذ کھولنے کی تیاری کررہا ہے - عراقی وزارت دفاع کے ترجمان یحیی رسول نے کہا ہے کہ عراق کی انسداد دہشت گردی کی فورس موصل شہر کے قریب پہنچ گئی ہے -
دوسری جانب موصل اور صوبہ نینوا کی آزادی کی کارروائیوں کے کمانڈر نجم الجبوری نے کہا ہے کہ اگلے جمعے تک موصل شہر کو داعش کے قبضے سے آزاد کرالیا جائےگا - عراق کی عوامی رضاکار فورس کے ڈپٹی کمانڈر ابومہندی المہندس نے کہا ہے کہ موصل کی جنگ میں عوامی رضاکار فورس سب سے سخت اور دشوار محاذ پر دہشت گردوں سے برسر پیکار ہے -
انہوں نے داعش کے قبضے سے موصل کی آزادی کے بعد عوامی رضاکار فورس کی پوزیشن کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ الحشدالشعبی یا عوامی رضاکارفورس بھی عراق کی دیگر فورسز کی ہی طرح ایک دفاعی فورس ہے -
دوسری جانب موصل سے اطلاعات ہیں کہ داعش کے عناصر عراقی بچوں اور خواتین کو عراقی افواج کے حملوں کے مقابلے میں انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کررہے ہیں - عراق میں جنگ سے متعلق انفارمیشن سینٹر نے خبردی ہے کہ گذشتہ سترہ اکتوبر سے جب سے موصل کی آزادی کی کارروائیوں کا آغاز ہوا ہے داعش کے تقریبا آٹھ سو دہشت گردوں کو ہلاک کردیا گیا ہے -
.......
/169