24 اکتوبر 2016 - 19:12
کشمیر؛ انجمن شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین کا صدر دفتر پر خصوصی اجلاس

اجلاس میں تنظیمی امورات کے علاوہ 25 محرم الحرام کو شالیمار سرینگر میں برآمد ہونے والے جلوس ذوالجناح کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اراکین و عاملین کا ایک خصوصی اجلاس صدر دفتر پر تنظیم کے سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیمی امورات کے علاوہ 25 محرم الحرام کو شالیمار سرینگر میں برآمد ہونے والے جلوس ذوالجناح کے انتظامات کو حتمی شکل دی گئی۔ اجلاس میں طے پایا کہ جلوس عزا اپنی روایتی شان کے ساتھ مقررہ مقام از دولت خانہ حاجی علی محمد خان آرہ بل شالیمار سے برآمد ہوکر امام باڑہ گلشن علی شالیمار میں اختتام پذیر ہوگا۔ عزاداروں سے جلوس میں جوق در جوق شرکت کی اپیل کی گئی۔ اجلاس میں کشمیر کی سنگین صورتحال اور تین ماہ سے جاری مزاحمتی احتجاج سے جڑے کئی معاملات کو زیر بحث لاتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ مظلوم کشمیری قوم کی بے پناہ قربانیوں اور شہدائے کشمیر کے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے تمام مسائل کے باوجود تحریکی ذمہ داریوں کا ہر سطح پر مظاہرہ کیا جائے گا۔ نصراللہ پورہ بڈگام میں فورسز کے ہاتھوں نہتے احتجاجیوں پر فورسز کی بربریت کے نتیجے میں ایک نوجوان جاوید احمد میر کی شہادت پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے شہید موصوف کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲