22 اکتوبر 2016 - 13:33
عراقی فوج نے موصل کے جنوب مشرقی علاقے الحمدانیہ کو آزاد کرلیا

عراق کے شمالی شہر موصل کو آزاد کرانے کے لئے عراقی افواج کا آپریشن چھٹے روز بھی پوری قوت کے ساتھ جاری رہا جس کے دوران متعدد علاقے دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرالئے گئے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج اور عوامی رضاکار فورس نے داعش کے قبضے سے موصل شہر کو آزاد کرانے کی اپنی کارروائیوں کے دوران دہشت گردوں پرزبردست حملے کئے ہیں جن کے دوران موصل کے جنوب مشرقی علاقے الحمدانیہ کو آزاد کرالیا ہے-

عراقی فوج نے حمدانیہ شہر میں داخل ہونے کے بعد اس میں عراق کا پرچم لہرادیا ہے ، جبکہ عراقی فوج اور عوامی رضاکارفورس کے مشترکہ دستے موصل کے شمالی مضافاتی علاقے التبادل التجاری کی جانب آگے بڑھ رہے ہیں -

ادھر عراقی فوج کی تہترویں اور چھہترویں ڈویژن موصل کے قریب تلکیف کے علاقے کی جانب بڑھ رہی ہے - عراق کے فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ موصل کے شمال مشرقی شہر قرہ قوش کو جو عیسائی آبادی والا شہرہے داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن شروع ہوگیا ہے -

اس کے علاوہ عراقی فوج اور عوامی رضاکارفورس نے موصل کے جنوب ، مشرق اور شمال میں دسیوں دیہی علاقوں اور قصبوں کو داعش کے وجود سے پاک کردیا ہے- عراق کے سرکاری ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ انسداد دہشت گردی کے خصوصی دستے موصل کے جنوب مشرق میں واقع کرملس علاقے میں داخل ہوگئے ہیں-

دریں اثنا داعش کے عناصر خود کش حملوں اور کار بم دھماکوں سے عراقی افواج کی پیشقدمی کو روکنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں - داعش کےایک خود کش حملہ آور نے حمدانیہ میں عوامی رضاکارفورس کی پیشقدمی کو روکنےکے لئے خودکو دھماکے سے اڑالیا - داعش کے عناصر نے موصل کے شہر کے ایک بڑے ہوٹل نینوا اوبرائے کو دھماکے سے اڑا دیا -

ادھر کرکوک سے خبر ہے کہ عراقی سیکورٹی فورس نے داعش کے حملے کو ناکام بناتے ہوئے کم سے کم پچیس دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے - عراقی فوج نے صوبہ کرکوک کے مشرقی علاقے لیلان میں بھی متعدد دہشت گردوں کو موت کے گھاٹ اتاردیا ہے-

۔۔۔۔۔۔۔

/169