اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے بدھ کو اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ طالبان کے خلاف ملک گیر آپریشن موسم سرما آتے ہی شروع کردیا جائے گا- افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ یہ آّپریشن ان صوبوں میں زیادہ شدت کے ساتھ انجام دیا جائےگا جہاں طالبان کا زیادہ اثر و رسوخ ہے - ان کا کہنا تھا کہ جلد ہی نئے فوجی ساز وسامان افغان وزارت دفاع کے حوالے کردئے جائیں گے جنھیں طالبان کے خلاف کارروائیوں کے لئے استعمال کیا جائےگا - افغان وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ طالبان نے اس سال افغانستان کے آٹھ سے دس صوبوں پر قبضہ کرنے کا منصوبہ تیار کیا تھا لیکن وہ اپنے منصوبے میں ناکام رہے - افغان وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کہا کہ طالبان کے افراد کوئٹہ شورا کو افغانستان کے صوبہ ہلمند میں منتقل کرنا چاہتے تھے لیکن اس میں بھی انہیں ناکامی ہوئی - واضح رہے کہ کوئٹہ شورا طالبان کی سب سے بااثر شورا ہے اور طالبان کے زیادہ تر اہم فیصلے یہی شورا کرتی ہے - انہوں نے کہا کہ افغان فوج نے پچھلے دوبرسوں کے دوران مختلف میدانوں میں اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں -
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲