اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ یمن کے صوبہ صنعاء کے علاقے خولان کے تمام قبیلوں نے سعودی حکومت کے خلاف قیام کرنے کے لیے اپنے اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق؛ یمن میں خولان کے قبیلوں نے سعودی اتحاد کا مقابلہ اور شہدائے صنعا کے خون کا انتقام لینے کے لیے عمومی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔
واضح رہے کہ سعودی اتحاد کے جنگی طیاروں کے ذریعے صنعاء میں مجلس ترحیم پر ہوئے حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں کی زیادہ تر تعداد خولان قبیلوں کی ہے۔
خولان کے سینکڑوں افراد نے اپنے ہاتھوں میں اسلحہ اٹھا کر یمن کے دار الحکومت صنعا کے شمالی علاقے میں اجتماع کر کے اس بات پر تاکید کی ہے کہ وہ موت سے نہیں ڈریں گے اور اپنے شہیدوں کے خون کا بدلہ لے کر رہیں گے جبکہ سانحہ کے عاملین کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب نے گذشتہ اٹھارہ ماہ سے یمن میں لوگوں کو ڈرانے دھمکانے کی انتہائی کوشش کی تاکہ وہ انصار اللہ کا ساتھ نہ دیں اور اس کی فوج میں شامل نہ ہوں ۔ لیکن سعودی عرب کو اپنے اس منصوبہ میں شدید شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔





















