14 اکتوبر 2016 - 10:14
کوئٹہ میں سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ، تین ایف سی اہلکار ہلاک

پاکستان کے شہر کوئٹہ میں فائرنگ کے ایک واقعہ میں تین ایف سی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے سر پل میں سبزل روڈ پر نامعلوم مسلح افراد نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دو اہلکار موقع پر ہی ہلاک اور ایک شدید زخمی ہوگیا، زخمی اہلکار کو طبی امداد کے لئے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

دوسری جانب پولیس اور ایف سی کی بڑی تعداد نے علاقے کا گھیراؤ کر کے دہشت گردوں کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ ایک عرصے سے دہشت گردی کا نشانہ بنا ہوا ہے اور دہشت گرد آئے روز نہ صرف سیکورٹی اہلکاروں پر حملہ کرتے ہیں بلکہ شیعہ ہزارہ برادری کے بےگناہ افراد کو بھی نشانہ بناتے ہیں جس کی وجہ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ انتظامیہ بلند و بانگ دعوے کرنے کے باوجود دہشت گردوں کے سامنے بےبس نظر آتی ہے اور دہشت گرد جب چاہتے ہیں کوئٹہ میں دہشت گردی کی کارروائی کر کے آسانی سے فرار ہو جاتے ہیں۔

بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ جو دہشت گرد گروہ ان کارروائیوں میں ملوث ہیں اور جہاں سے انھیں مدد مل رہی ہے اس کے بارے میں سب کو معلوم ہے لیکن حکومت ان کے خلاف کارروائی کرنے سے گریزاں ہے جس کی وجہ سے دہشت گرد بڑے دھڑلے سے کارروائیاں انجام دیتے ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169