اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کے وفاقی وزیر رانا تنویر نے سینیٹ اجلاس میں بتایا ہے کہ ملک بھر کے 24 اضلاع اور 2807 دیہات سے اکٹھے کیے گئے 62 سے 82 فیصد پانی کے نمونوں سے پتا چلا ہے کہ پینے کا پانی انسانی صحت کے لیے نقصان دہ ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پانی کے نمونوں کے ٹیسٹ ’پاکستان کونسل فار ریسرچ ان واٹر ریسورسز‘ کی سربراہی میں کیے گئے تھے۔ ان ٹیسٹوں کے نتائج سے پتا چلا ہے کہ پانی کے اکثر نمونے بیکٹیریا، آرسینک (سنکھیا)، نائٹریٹ اور دیگر خطرناک دھاتوں سے آلودہ تھے۔ رانا تنویر نے میڈیا کو بتایا کہ ملک بھر میں پانی کے معیار کو جانچنے کے لیے 24 لیبارٹریاں قائم کی گئی ہیں اور دیگر اقدامات بھی اٹھائے جا رہے ہیں۔
واضح رہے کہ بیکٹیریا سے آلودہ پانی ملک میں ہیپاٹائٹس، خسرے اور ہیضہ جیسی بیماریوں کا سبب بنتا ہے جبکہ پانی میں آرسینک کی زیادہ مقدار ذیابیطس، سرطان، پیدائشی نقص، جلد، گردوں اور دل کی بیماریوں کا سبب بنتی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169