اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلام آباد( )مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری اپنے اعلی سطح وفد کے ہمراہ تفتان کا دروہ مکمل کر کے واپس کوئٹہ پہنچ گئے ہیں ۔ ایم ڈبلیوایم کے رکن صوبائی اسمبلی آغا محمد رضا،رکن شوریٰ عالی مولانا سید ہاشم موسوی، مولانا ولایت جعفری اور دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے۔ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق مشہد مقدس روضہ امام رضا علیہ السلام اور کربلا معلی روضہ امام حسین علیہ السلام جانے والے زائرین کو تفتان بارڈر پر درپیش مسائل اور مشکلات کے جائزہ کے لیے علامہ ناصر عباس کوئٹہ پہنچے۔متعلقہ اداروں کی طرف سے علامہ ناصر عباس کو سیکورٹی کلیرنس نہ دی گئی لیکن ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنی قوم کے بچوں ،بزرگوں اور خواتین زائرین کو اس طرح حالات کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔تفتان بارڈر پر پہنچ کر علامہ ناصر عباس نے ایک رات وہاں موجود زائرین کے ہمراہ گزاری اور اس مسئلہ کے جلد سے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔ایم ڈبلیو ایم کے قائد کو اپنے ہمراہ دیکھ کر زائرین نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اس قیادت پر فخر ہے۔ انہوں نے بلوچستان اسمبلی کے رکن امان اللہ ، کمشنر دالبنئدین ، ڈپٹی کمشنر ، ونگ کمانڈر ایف سی کرنل قمر رشید ، ایف آئی اے اور ایگریشن افس کے حکام سے ملاقاتیں کی تاکہ مسائل کا باریک بینی سے جائزہ لیا جاسکے۔ قائد وحدت نے آغا محمد رضا کی تجویز پہ حکومت بلوچستان کی جانب سے زیر تعمیر ' پاکستان ہاؤس ' کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پہ انتظامیہ نے انکو یقین دلایا کی اسکی تعمیر کو آئندہ چندہ ماہ میں مکمل کرنے کی بھرپور کوشش کی جائے گی۔ انتظامیہ کے افسران اور ایف سی و ایف آئی اے کے حکام نے بھی زائرین کو درپیش سہولیات اور مسائل کے بارے میں علامہ ناصر عباس کو تفصیلی آگاہ کیا اور ان کے حل کے لیے اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔پاکستان کی مختلف شیعہ جماعتوں اور نوحہ خوان تنظیموں نے علامہ ناصر عباس کے اس دورے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے زائرین کے مسائل کے حل کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ علامہ ناصر عباس نے میدان عمل میں رہ کر اپنی بھر پور جدوجہد سے اپنے آپ کو شیعہ قوم کا حقیقی رہنما ثابت کیا ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲