23 ستمبر 2016 - 12:40
صدر روحانی کی نیویارک میں پریس کانفرنس، دھشتگردی علاقے میں تمام مسائل کی جڑ

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ شام میں نو فلائی زون صرف دہشت گردوں کے فائدے میں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدرحسن روحانی نے جمعرات کی رات نیویارک میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام میں تمام مسائل کی جڑ دہشت گردی ہے اور دہشت گردوں کے پاس صرف ہوائی جہاز نہیں ہے جبکہ قتل عام اورحملے کے لئے ان کے پاس ہر طرح کے ہتھیارموجود ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ ایران، آج داعش اور القاعدہ سمیت دہشت گردوں کے سامنے ایک بڑی دیوار کی طرح کھڑا ہے- صدر روحانی نے کہا کہ میں نے گذشتہ برس نیویارک دورے کے موقع پر جس ایک نکتے کی طرف اشارہ کیا تھا وہ تشدد، انتہاپسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اہمیت تھا کیونکہ مشرق وسطی کے علاقے کوعدم استحکام کے مسئلے کا سامنا ہے-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے تاکید کے ساتھ کہا کہ مشرق وسطی بہت اہم ہے اورعدم استحکام صرف اس علاقے تک ہی محدود نہیں رہے گا بلکہ وہ دوسرے علاقوں تک بھی پہنچے گا جیسا کہ دیکھا گیا ہے کہ دہشت گردی کسی بھی سرحد کی قائل نہیں ہے-

صدر حسن روحانی نے خلیج فارس میں امریکی فوجیوں کی موجودگی اور اس کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کی ذمہ داری مہم جوئی نہیں ہے اورہوگی بھی نہیں بلکہ ان کی ذمہ داری ، فضا، زمین اور سمندر سے ایران کا دفاع اور ایران کے قومی مفادات کا تحفظ کرنا ہے-

صدر روحانی نے یہ سوال اٹھاتے ہوئے کہ  خلیج فارس میں امریکی فضائیہ اور بحریہ کی موجودگی کی کیا ضرورت ہے کہا کہ خلیج فارس میں کوئی جنگ نہیں ہو رہی ہے اور اگر کہیں جنگ ہو رہی ہے تو وہ یمن ہے جہاں سعودی عرب کے جنگی طیارے حملے کررہے ہیں اور افسوس کہ امریکی اسے روکنے کے بجائے سعودی عرب کی مدد کررہے ہیں-

ایران کے صدر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ تہران مہم جوئی اور کشیدگی پیدا کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا کیونکہ مشرق وسطی کے پیچیدہ علاقے میں کشیدگی کسی کے فائدے میں نہیں ہوگی کہا کہ علاقے میں موجود امریکی فوجیوں کو بھی تمام بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنا چاہئے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲

لیبلز