اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ سرینگر/ عید ولایت کی مناسبت سے جموں کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے اہتمام سے متعدد مقامات پر تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں علمائے دین نے عید غدیر کی اہمیت و عظمت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور امیر المومنین علی ابن ابیطالبؑ کے ظلم و باطل شکن سیرت و کردار کے کئی گوشوں کی وضاحت کی۔ اس موقعہ پر بھارتی ظلم و تسلط سے نجات اور کشمیر کی آزادی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ انجمن شرعی شیعیان کے خانہ نظر بند سربراہ اور سینئر حریت رہنما آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے تنازعہ کشمیر کے حل اور کشمیر کی قیامت خیز صورتحال کے حوالے سے عالمی فورموں میں پاکستان کی طرف سے کشمیری مظلوم عوام کی جرائت مندانہ وکالت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ بھارت کے جنگی جنون اور دھونس دھمکیوں کے باوجود تنازعہ کشمیر کے منصفانہ حل تک کشمیریوں کی برحق اور باجواز جدوجہد کو پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رہے گی۔ آغا صاحب نے OIC کے اجلاس میں کشمیر میں بھارتی فورسز کی ظلم و بربریت اور حقوق انسانی کی شدید پامالیوں کے خلاف قرارداد اور اس معاملے پر OIC کے احتجاجی بیان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال میں جب دنیا کے بااثر ممالک بھارت کو ایک بڑی تجارتی منڈی تصور کرکے کشمیر معاملے میں حق و انصاف اور انسانیت کے بجائے اپنے تجارتی اور اقتصادی مفادات کو ترجیح دے رہے ہیں کشمیریوں کی تمام تر امیدیں پاکستان اور اسلامی ممالک سے وابستہ ہے۔ آغا صاحب نے کشمیر کے طول و عرض میں نوجوانوں کی گرفتاریوں کے لامتناعی سلسلے اور PSA کے تحت نظر بندیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اس پالیسی سے کشمیری قوم اپنی برحق جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ احتجاجی تحریک قوم کا متحدہ شعوری فیصلہ ہے قائدین کی نظر بندیوں اور گرفتاریوں سے قوم کے حوصلوں کو پست نہیں کیا جاسکتا۔آغا صاحب نے قائد تحریک سید علی شاہ گیلانی کے فرزند سید نعیم گیلانی کو ذہنی طور پر ہراساں کرنے کی حکومتی کاروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائدین حریت کے اہل خانہ کی کردار کشی سے کشمیری قوم کو اپنے شہداءکے مقدس مشن اور رواں تحریک سے متنفر نہیں ہوسکتے۔ آغا صاحب نے آثار شریف درگاہ حضرت میں موئے مقدس کی نشاندہی پر عرصہ دراز سے مامورالحاج نذیر احمد بانڈے کی وفات پر گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے لواحقین سے تعزیت کی اور مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ آغا صاحب نے تنظیم کے ایک دیرینہ کارکن محمد قاسم گچھو ساکنہ گچھی محلہ میر بحری سرینگر کے انتقال پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے سوگوار کنبے سے تعزیت کی اور مرحوم کے بلند درجات کیلئے دعا کی۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲