اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ابنا: جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن حجة الاسلام والمسلمین محمود رجبی نے خبررساں ایجنسی شبستان کے نامہ نگارسےگفتگو کے دوران مہدوی حکومت کےعہدیداروں کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا ہےکہ مہدوی حکومت کے تمام عہدیداروں کو معاشرے کے ثقافتی مسائل پرتوجہ دینی چاہیے یعنی انہیں ہمیشہ معاشرے کے ایمان کے استحکام اورثقافتی مسائل کے ارتقاء کی کوشش کرنی چاہیے۔
انہوں نےمزید کہا ہے کہ مہدوی حکومت کےعہدیداروں کی ایک خصوصیت یہ ہےکہ ان کی تمام سرگرمیوں میں اسلامی قوانین اورتعلیمات کو مرکزی حیثیت حاصل ہوگی۔
امام خمینی تعلیمی انسٹی ٹیوٹ کے قائم مقام نےکہا ہےکہ مہدوی حکومت کےعہدیداروں کی ایک اورخصوصیت عدالت پسندی اورعدل وانصاف کا قیام ہے۔ اگرتمام انبیائے الہی عدل کے قیام کے لیے مبعوث ہوئے ہیں اوراگر حضرت امام مہدی علیہ السلام کےعالمی قیام کی وضاحت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آپ دنیا کو عدل وانصاف سے بھردیں گے تو اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کی حکومت کے عہدیدارعدل وانصاف کے قیام کی فکرمیں ہیں۔
حجة الاسلام رجبی نےکہا ہے کہ مہدوی حکومت میں معاشی اورعلمی ترقی ہوگی اوراحادیث میں اس مطلب کی بہت زیادہ تاکید کی گئی ہے۔ لہذا یہ علمی اورمعاشی ترقی اسی وقت ہی حاصل ہوسکتی ہے کہ جب مہدوی حکومت کےعہدیدار اپنی ہمت اورمستحکم ارادے کے ساتھ اسلامی معاشرے کی معاشی اورعلمی ترقی کو پروان چڑھانے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نےمزید کہا ہےکہ یہ سب عہدیدار اللہ تعالیٰ اورالہی دستورات کے تابع ہوں گے اوریہ شرک اورکفرکی تمام اقسام کا خاتمہ کرکے اللہ تعالیٰ کےعلاوہ کسی اورحاکم اورطاقت کے سامنے سرتسلیم خم نہیں ہوں گے۔
انہوں نے آخر میں کہا ہےکہ مہدوی حکومت کےعہدیداروں کا آخری ہدف اللہ تعالیٰ کی مخلصانہ عبادت اوراپنے زمانے کےمستکبرین اورظالموں کے ساتھ جنگ اورپوری دنیا کےمظلوموں کا دفاع کرنا ہے۔
.......
/169