30 جولائی 2016 - 10:31
امریکی پیس کونسل کے وفد کی شامی صدر سے ملاقات

امریکا کی پیس کونسل کے ایک وفد نے دمشق میں صدربشاراسد سے ملاقات کی ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کے صدر نےامریکا کی پیس کونسل کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ شام میں دہشت گردوں کواس لئے بھیجا گیا کہ اس نے ان پالیسیوں پرعمل نہیں کیا جو شامی عوام کے مفادات کے منافی ہیں - انہوں نے شام کے حالات کا مختصر ذکرکرتے ہوئے کہا کہ شام میں بحران پیدا کرنے اور اس کے بعد شامی عوام پر جنگ مسلط کرنے کا بنیادی سبب یہ رہاہے کہ شام نے علاقے میں وہ رول ادا کرنے سے انکار کردیا تھا جو شامی عوام کے مفادات سے تضاد رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے دہشت گردوں کے حامی ملکوں نے شام پر دہشت گردوں کے ذریعے جنگ مسلط کی ہے -

امریکی وفد نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ دمشق کا دورہ کرنے کا اصل مقصد شام کے حالات کا قریب سے جائزہ لینا ہے تاکہ شام کے بارے میں امریکی رائے عامہ کو بتایا جاسکے - امریکی وفد کے سربراہ ہنری لوبندروف نے کہا کہ ہمارے دورے کا مقصد شام میں جنگ کو بند کرانے اوراس ملک میں امریکا اور مغرب کی فوجی مداخلت کو روکنے کی کوشش کرنا ہے۔

امریکا کی پیس کونسل کے وفد نے کہا کہ یہ کونسل دیگر ملکوں کے داخلی معاملات میں امریکا کی مداخلت اور اس کی جنگ پسندانہ پالیسیوں کی مخالف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری کونسل کا موقف ہے کہ امریکا کو چاہئے کہ وہ اپنی اس قسم کی پالیسیوں پر نظرثانی کرے.

.......

/169