15 جولائی 2016 - 16:09
عراقی افواج موصل کو آزاد کرانے کے لئے پر‏عزم

عراقی افواج نے موصل کو آزاد کرانے کے لئے اپنے عزم راسخ کا اعلان اور اپنی صلاحتیوں اور توانائی کا مظاہرہ کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی مسلح افواج کے منتخب دستوں نے جمعرات کو فوجی پریڈ میں حصہ لے کے اپنی فوجی طاقت و توانائی کا اظہار اور ملک کے ہر علاقے کو داعش سے پوری طرح پاک کرنے کے لئے اپنے عزم راسخ کا اعلان کیا۔

رپورٹ کے مطابق عراق کے یوم جمہوریہ کے موقع پر بغداد کے تحریر اسکوائر پر وزیر ا‏عظم حیدرالعبادی نے مسلح افواج کے منتخب دستوں سے سلامی لی ۔ عراق کی مسلح افواج کی یہ پریڈ اس لحاظ سے اہمیت رکھتی ہے کہ موصل کو آزاد کرانے کے لئے آپریشن کا فیصلہ کن مرحلہ شروع ہی ہونے والا ہے اور پروگرام کے مطابق یوم جمہوریہ کی پریڈ میں حصہ لینے والے منتخب فوجی دستے بھی اس آپریشن میں حصہ لیں گے ۔

اس کے علاوہ یہ پہلا موقع ہے کہ بغداد کی سڑکوں پر فوجی پریڈ کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ اب تک فوجی تقریبات بغداد کے گرین زون میں منعقد ہوتی رہی ہیں ۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق بغداد کے تحریر اسکوائرکی طرف جانے والی مرکزی سڑکوں کو بدھ کی رات سے ہی بند کر دیا گیا تھا ۔ اس کے ساتھ ہی پریڈ کے موقع پر پورے شہر میں سیکورٹی انتظامات بڑھا دیئے گئے تھے۔

بغداد کے تحریر اسکوائر پر مسلح افواج کی پریڈ کے ساتھ ہی ، موصل کے شیوخ نے داعش کے ساتھ عراقی شہریوں کی جھڑپوں کی اطلاح دی ہے۔ موصل کے شیوخ نے اسی کے ساتھ موصل کے جنوب مشرق میں واقع شہر حمام العلیل سے دہشت گردوں کے فرار کی بھی خبر دی ہے۔

دوسری طرف عراق کے سیکورٹی اہلکاروں نے عراقی فضائیہ کے القیارہ اڈے کے قریب دو کار بموں کا پتہ لگا کے انہیں ناکارہ بنا دیا ہے۔

ادھر عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے ترجمان صباح النعمان نے بتایا ہے کہ عراقی افواج بہت تیزی کے ساتھ موصل کی طرف پیشقدمی کر رہی ہیں اور شہر سے صرف ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر رہ گئی ہیں ۔

عراق کے وزیر دفاع خالد العبیدی نے بھی اعلان کیا ہے کہ عراقی افواج نے داعش کے اصلی گڑھ شہر موصل کی جانب کافی پیشقدمی کی ہے۔

عراقی افواج نے صوبہ الانبار کے شہر فلوجہ کو آزاد کرانے کے بعد اعلان کیا ہے کہ ان کا اگلا ہدف شہر موصل کو آزاد کرانا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عراقی افواج نے موصل کو داعش کے قبضے سے آزاد کرانے کے لئے آپریشن گزشتہ ہفتے سے شروع کر دیا ہے اور فضائیہ کے القیارہ اڈے سمیت کئی اہم علاقے داعش سے آزاد کرا چکی ہیں ۔

عراق کے وزیر ا‏عظم حیدرالعبادی نے، موصل سے ساٹھ کلومیٹر کے فاصلے پر واقع اسٹریٹیجک اہمیت کے علاقے القیارہ کی داعش سے آزادی کا باضابطہ اعلان کرتے ہوئے موصل کے عوام سے اپیل کی ہے کہ موصل کی آزادی میں عراقی افواج کے ساتھ تعاون کے لئے تیار ہوجائیں ۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169