13 جولائی 2016 - 13:19
ترک وزیراعظم کو شام کے ساتھ تعلقات کی ضرورت

ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے شام اور عراق کے ساتھ اچھے تعلقات کے فروغ کا عزم ظاہر کیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا : سرکاری ٹی وی سے اپنے نشری خطاب میں وزیراعظم بن علی یلدرم نے کہا کہ شام اور عراق سمیت تمام ہمسایہ ملکوں کے ساتھ اچھے تعلقات کا قیام ان کا اہم ترین ہدف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اسرائیل اور روس کے ساتھ اپنے تعلقات بحال کر لیے ہیں اور توقع ہے کہ شام کے ساتھ بھی تعلقات بحال ہوجائیں گے۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں شام کے ساتھ تعلقات کی ضرورت ہے۔

بن علی یلدرم نے ایک بار پھر کہا کہ ترکی اپنے دوستوں میں اضافہ اور دشمنوں میں کمی کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے امریکہ اور مغربی ملکوں پر تنقید کرتے ہوئے ان پر داعش کو اسلحہ کی فراہمی کا بھی الزام عائد کیا۔ ترک وزیراعظم نے کہاکہ مغربی ممالک داعش کو اسلحہ بھی دیتے ہیں اور اس کے خلاف جنگ بھی کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ترک وزیراعظم نے داعش کو اسحلہ کی فراہمی کی بابت مغربی ملکوں پر تنقید ایسے وقت میں کی ہے جب حزب اختلاف کی جماعتیں با رہا داعش کی لاجسٹک حمایت کی وجہ سے حکومت ترکی پر کڑی نکتہ چینی کرتی رہی ہیں۔

۔۔۔۔۔۔۔

/169