26 مئی 2016 - 17:36
پاکستان نے بھی چابہار سمجھوتے کو اپنے لیے انتہائی مفید قرار دیا

چابھار سمجھوتہ پاکستان کے لئے بھی انتہائی مفید اور سودمند ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ پاکستان کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ علاقائی سطح پر انجام پانے والے مواصلاتی اور راہداری سے متعلق تمام معاہدےخصوصا چابہار سمجھوتہ انتہا‏ئی مطلوب اور مثالی ہے جو پاکستان کے لئے بھی مفید ہو سکتا ہے۔ سرتاج عزیز‍ نے ایران، ہندوستان اور افغانستان کے درمیان طے پانے والے سمجھوتے سے متعلق پاکستان کے سرکاری موقف کے بارے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں ایرانی بندرگاہ چابہار اور پاکستانی بندرگارہ گوادر کے ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کیا اور چین پاکستان کے درمیان اقتصادی کوریڈور کے منصوبے کو اہم ترین علاقائی منصوبہ قرار دیا۔ انہوں نے جو اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے مزید کہا کہ ان منصوبوں میں کسی قسم کا کوئی تضاد نہیں پایا جاتا بلکہ یہ ایک دوسرے کی ضروریات کے عین مطابق ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ان منصبوں سے علاقے کی تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا اضافہ ہوگا۔ سرتاج عزیز‍ نے چابہار اور گوادر کے درمیان زمینی رابطے کی برقراری کی طرف اشارہ کیا اور کہا کہ ہم گوادر اور چابہار کو اہم ترین بندرگاہوں کی حیثیت سے جڑواں شہر قرار دینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ یہ بندر گاہیں ایک دوسرے کی ضروریات کو پورا کریں گی۔ واضح رہے کہ رواں ماہ کی تیئیس تاریخ کو ایران، ہندوستان اور افغانستان کے سربراہوں کی موجودگی میں چابہار سمجھوتے سے معروف اس تین جانبہ سمجھوتے پر دستخط ہوئے تھے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲