اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے ماسکو میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات اور گفتگو کی۔ اس ملاقات میں شام کے بارے میں جاری امن مذاکرات اور جنگ بندی کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر روس کے صدر ولادیمیر پوتن نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ امریکی وزیر خارجہ کے دورہ ماسکو سے شام اور یوکرین کے بارے میں دونوں ملکوں کے نظریات میں ہم آہنگی پیدا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ شام اور یوکرین کے بارے میں روس اور امریکہ کے درمیان اختلافات جلد ختم ہو جائیں گے۔
امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اس سے پہلے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاؤروف سے بھی ملاقات اور گفتگو کی۔ اس موقع پر انہوں نے شام میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شروع میں بہت کم لوگوں کو اس بات کا یقین تھا کہ شام میں جھڑپیں ختم ہو سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شام میں جنگ بندی کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ انہوں کہا کہ توقع ہے کہ امریکہ اور روس شام کے بارے میں کسی پائیدار راہ حل تک پہنچنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کا کہنا تھا کہ ماسکو اور واشنگٹن تعاون کا مقصد، شام کے حوالے سے تمام اندرونی اور بیرونی اسٹیک ہولڈروں کے مفادات کے درمیان توازن پیدا کرنا ہے۔ قابل ذکر ہے کہ شام مخالفین کی جانب سے روس اور امریکہ کی جنگ بندی تجویز قبول کر لینے کے بعد شام کے بعض علاقوں میں ستائیس فروری سے جنگ، بند ہو گئی ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔
/169