23 فروری 2016 - 16:02
ایران اور آذربائیجان کے صدور کی مشترکہ نشست، دونوں ملکوں کے تعلقات دوستانہ ہیں

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرڈاکٹر حسن روحانی نے ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے تعلقات کو اسٹریٹیجک اور دوستانہ قرار دیا۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے منگل کو تہران میں جمہوریہ آذربائیجان کے صدر اور ان کے ہمراہ آئے وفد کے ساتھ ایک اعلی سطحی مشترکہ نشست میں کہا کہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے تعلقات اسٹریٹیجک اور دوستانہ ہیں۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے ہمہ جانبہ تعلقات میں پہلے سے زیادہ توسیع اور استحکام کی ضرورت پر زور دیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں توسیع کی راہ میں کوئی بھی چیز حائل نہیں ہے۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے سمجھوتوں پر خوشی کا اظہار کیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ علاقے کی صورت حال کے پیش نظر تہران اور باکو کے تعلقات اسٹریٹیجک نوعیت کے شمار ہوتے ہیں، کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان کے مشترکہ اقتصادی کمیشن، باہمی تعاون کی توسیع کی راہ میں پوری کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام میدانوں میں دونوں ملکوں میں پائی جانے والی صلاحیتوں اور استعداد کا پتہ لگا کر باہمی تعاون کی تقویت کے راستے پر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے کہا کہ پابندیوں کے خاتمے کے بعد ایران کی ترجیحات، ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات کو فروغ دینا اور انہیں پہلے سے زیادہ مستحکم بنانا ہیں۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے جمہوریہ آذربائیجان کی طرف سے ایٹمی معاملے میں ایرانی عوام کے موقف کی حمایت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی اصولی پالیسی ہمسایہ ملکوں کا دفاع ہے اور ارضی سالمیت کا تحفظ اور ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعاون ایران کے لئے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے مختلف بہانوں منجملہ انسانی حقوق کے بہانے ملکوں کے داخلی معاملات میں اغیار کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج ہمیں انسانی حقوق کے مسئلے میں مغرب کے دوہرے معیاروں کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقے کے مسائل کے حل کے لئے عقلانیت اور منطق سے کام لینا چاہئے۔ جمہوریہ آذربائیجان کے صدر الہام علی اف نے بھی اس اعلی سطحی مشترکہ نشست میں اپنے دورہ ایران پر خوشی کا اظہار کیا اور اس کا بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ دونوں ممالک قابل فخر انداز میں ترقی و پیشرفت کے راستے پر آگے بڑھ رہے ہیں، کہا کہ ایران اور جمہوریہ آذربائیجان نے گذشتہ برسوں کے دوران باہمی تعلقات کی توسیع کے راستے میں نمایاں پیشرفت کی اور دونوں ہی ملکوں کے حکام تمام میدانوں میں اور ہر سطح پر تعلقات کو مستحکم بنانے کی کوششوں میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کے ساتھ جمہوریہ آذربائیجان کے سیاسی اقتصادی اور ثقافتی تعلقات بہت ہی اعلی سطح کے ہیں۔ آذربائیجان کے صدر نے کہا کہ دونوں ملکوں کی مشترکہ تاریخ اور ثقافت نے ایران اور آذربائیجان کے عوام کے تعلقات کو اٹوٹ بنا دیا ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲