27 اپریل 2015 - 18:17
چابہار میں ایران اور پاکستان کے سرحدی سیکورٹی عہدیداروں کے درمیان ملاقات

ایران کے شہر چابہار کے علاقے ریمدان میں ایران اور پاکستان کے سرحدی سیکورٹی افسروں کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدی سیکورٹی کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کے شہر چابہار کے علاقے ریمدان میں ایران اور پاکستان کے سرحدی سیکورٹی افسروں کے درمیان ملاقات ہوئی ہے جس میں دونوں ملکوں کی مشترکہ سرحدی سیکورٹی کو فروغ دینے کے طریقوں کا جائزہ لیا گیا ہے۔ 

اس ملاقات میں ایران کے علاقے جکیگور کے اعلی سیکورٹی عہدار کرنل جواد رفیعی اور ان کے پاکستانی ہم منصب عبدالحمید ابڑو کے درمیان سرحدوں کو کنٹرول اور سیکورٹی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کئے جانے کے طریقوں کے بارے میں گفتگو ہوئی۔

اس ملاقات کے بعد کرنل رفیعی نے ایک بیان میں کہا کہ اس قسم کی ملاقاتوں سے فریقین کے درمیان یکجہتی و مفاہمت اور شرپسند عناصر نیز اسمگلروں کے خلاف مہم سے متعلق تعاون میں اضافہ ہوگا۔

ایران اور پاکستان کے سرحدی سیکورٹی عہدیداروں نے سرحدی مسائل اور مشترکہ سرحدوں پر مزید سیکورٹی بڑھائے جانے کے طریقوں کے بارے میں بھی گفتگو کی۔

واضح رہے کہ حالیہ مہینوں کے دوران بعض دہشتگرد گروہوں نے پاکستان سے ایران کی سرحدوں میں داخل ہوکر دہشتگردانہ اقدامات انجام دیئے ہیں۔

جیساکہ حالیہ ایک دہشتگردانہ حملے میں ایران کے صوبے سیستان و بلوچستان میں آٹھ سرحدی محافظ شہید ہوئے ہیں- ایران نے پاکستان سے بارہا مطالبہ کیا ہے کہ وہ سرحدوں کو کنٹرول کرنے کےلئے مزید اقدامات عمل میں لائے۔

.......

/169