اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ صوبہ صلاح الدین اور الانبار میں عراقی افواج کی کارروائیوں میں دہشت گرد گروہ داعش کے دسیوں دہشتگرد ہلاک ہو گئے ہیں اور فوج نے البوفراج علاقے کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کے لیے آپریشن شروع کر دیا ہے-
عراقی ذرائع ابلاغ نے خبر دی ہے کہ عراقی افواج نے الرمادی علاقے میں واقع السجاریہ-الصوفیہ سڑک پر تسلط حاصل کر کے صوبہ الانبار کے علاقے البوفراج سے دہشتگردوں کا صفایا کرنا شروع کر دیا ہے۔ عراقی فوجی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ اس سڑک کو داعش کے قبضے سے چھڑانے کی کارروائی میں فوج کے دو ریپڈ ایکشن دستوں نے حصہ لیا۔ فوج، رضاکار فورس اور قبائلی نوجوانوں پر مشتمل مشترکہ فورس نے تین اطراف سے البوفراج کی جانب پیش قدمی شروع کی جس کے دوران ان کی داعش کے دہشت گردوں سے جھڑپ ہوئی۔ اس کارروائی میں داعش کے دسیوں دہشتگرد ہلاک اور ان کی متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں۔ ادھر عراقی سیکورٹی فورس نے صوبہ صلاح الدین میں واقع بیجی آئل ریفائنری پر کنٹرول حاصل کر لیا اس علاقے میں پچاس دہشتگرد ہلاک ہوئے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲