اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق نائـب وزیر خارجہ ابراہیم رحیم پور نے کہا ہےکہ ایشیا اور افریقہ کے تئیس سربراہان انڈونیشیا میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے- ابراہیم رحیم پور نے کہاکہ ایشیا اور افریقہ کے یہ سربراہان جن میں تین بادشاہ، دس صدور اور گیارہ وزرائے اعظم شامل ہیں، ایشیا افریقہ کانفرنس کے ساٹھویں یوم تاسیس کی مناسبت سے انڈونیشیا میں ہونے والے اجلاس میں شرکت کریں گے- انہوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی ناوابستہ تحریک کے سربراہ اور ایشیا افریقہ کانفرنس کے اہم رکن کی حیثیت سے انڈونیشیا کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے- یہ اجلاس دو روز تک جاری رہے گا- اس اجلاس میں ایشیا اور افریقہ کے اہم مسائل نیز ناوابستہ تحریک کے ملکوں کے مسائل کا جائزہ لیاجائے گا- ایران کے صدر ڈاکٹر روحانی افتتاحیہ تقریب کے بعد اجلاس سے خطاب کریں گے- اس اجلاس کے موقع پر دیگر اجلاس بھی ہوں گے جن میں ایک اہم اجلاس صدر روحانی کی صدارت میں ایشیا کے ملکوں کا اجلاس ہے- بتایا جاتا ہےکہ اسلامی ملکوں کا بھی خصوصی اجلاس ہو گا- اسلامی جمہوریہ ایران دو ہزار بارہ سے ناوابستہ تحریک کا صدر ہے۔ ایران کی صدارت اس سال کے وسط میں اختتام پذیر ہو گی-
.......
/169