اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اس اجلاس میں دہشت گردی کا مقابلہ، سرحدوں پر سکیورٹی اقدامات میں اضافہ، گزشتہ اجلاسوں کے فیصلوں کا جائزہ، دونوں ملکوں کے سرحدی محافظوں کا مزید تعاون اور دیگر سکیورٹی مسائل جیسے ایران اور پاکستان کے مشترکہ سکیورٹی مسائل کا میں جائزہ لیا جا رہا ہے- ایران کی جانب سے وزارت داخلہ میں سکیورٹی کے امور کے سربراہ ڈاکٹر حسین ذوالفقاری اس اجلاس میں شریک ہیں-ایران کے صوبہ سیستان و بلوچستان کے سکیورٹی اور انتظامی سربراہ کے بقول پاکستان کے ساتھ ایران کی طویل سرحدوں، سرحدی مارکیٹوں اور سرحدوں کے دونوں جانب لوگوں کی آمدورفت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دشمنوں اور اغیار کی شرانگیزی اگرچہ دونوں ملکوں کے لئے ایک ناگوار مسلہ ہے تاہم اس چیز نے دونوں ملکوں کے عزم و ارادے کو، دہشت گردوں سے نمٹنے کے لئے پختہ کر دیا ہے- علاقے میں دہشت گردانہ اقدامات کا دائرہ پھیلنے سے گزشتہ چند برسوں کے دوران دشت گرد گروہوں نے کئی بار ایران کی بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں پر حملہ کیا اور کئی افراد کو شہید کیا- ان دہشت گردانہ واقعات کے بارے میں تمام ثبوت و شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ دہشت گرد گروہ پاکستان میں مسلح ہوتے ہیں اور وہیں ان کے ٹھکانے ہیں- اسلامی جمہوریہ ایران نے کئی بار پاکستان سے احتجاج کیا اور حکومت پاکستان کی توجہ اس جانب مبذول کرائی ہے- تہران واضح طور پر یہ چاہتا ہے کہ اسلام آباد دہشت گرد گروہوں کا قلع قمع کرنے کے لیے سنجیدہ عزم و ارادے کا مظاہرہ کرے- اس بنیاد پر اور دونوں ملکوں کے درمیان متعدد اجلاسوں کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران اور پاکستان کے درمیان سکیورٹی تعاون کے معاہدے کا قانون اپریل دو ہزار چودہ میں ایرانی پارلیمنٹ میں پاس کیا جاچکا ہے- دہشت گردی کے تازہ ترین واقعات میں مسلح دہشت گرد عناصر پاکستان کی سرزمین سے ایران کے علاقے میں داخل ہوئے اور فائرنگ کر کے ایران کے آٹھ سرحدی محافظوں کو شہید کر دیا اور بھاگ کر پاکستانی علاقے میں چلے گئے- یہ وہ مسئلہ ہے جو مشترکہ سرحدوں کی سکیورٹی برقرار رکھنے اور دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کے سلسلے میں براہ راست حکومت پاکستان کی ذمہ داری سے تعلق رکھتا ہے- سکیورٹی اجلاسوں کا انعقاد اور ان کا جاری رہنا اور اس سے بھی اہم، دہشت گرد گروہوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کا عزم و ارادہ، علاقے اور مشترکہ سرحدوں کی سکیورٹی کی برقراری میں موثر ثابت ہو سکتا ہے-
.......
/169