اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی وزیر دفاع نے بدھ کے روز اردن میں نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تکریت میں پیش آنے والے اس واقعے میں سڑسٹھ مکان نذر آتش کر دیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس قسم کے اقدامات کے سخت مخالف ہیں اور ہم نے حکم دیا ہے کہ پبلک پراپرٹی اور لوگوں کے گھروں کو نقصان پہنچانے والوں کو گرفتار کر کے سزا دی جائے- یاد رہے گذشتہ ہفتے عراق کے صوبہ صلاح الدین کا مرکز، تکریت عراقی افواج اور عوامی رضاکار فورس کے تعاون سے آزاد کرا لیا گیا۔ یہ کارروائی داعش دہشتگرد گروہ کی ایک بڑی شکست سمجھی جاتی ہے۔ اس پریس کانفرنس میں عراق کے وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ عراق میں آئندہ فوجی کارروائیوں میں غیرمنظم فورس کو شامل نہیں کیا جائے گا- قابل ذکر ہے کہ خالد العبیدی ایک اعلی فوجی وفد کے ہمراہ بدھ کے روز اردن کے دارالحکومت امان گئے جہاں انہوں نے اردن کے بادشاہ شاہ عبداللہ سے ملاقات کی اور علاقے کی صورتحال اور دونوں ممالک کے فوجی تعلقات کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔
.......
/169