4 اپریل 2015 - 11:18
شام نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مشترکہ بیان کا خیر مقدم کیا ہے

شام کی وزارت خارجہ نے ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان حتمی معاہدے کے فریم ورک پر اتفاق کا خیر مقدم کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق شام کی وزارت خارجہ کے ایک اعلی عہدیدار نے کہا ہے کہ شام ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے ایٹمی مذاکرات کا قریب سے جائزہ لے رہا تھا اور اسے یہ قوی امید تھی کہ یہ مذاکرات، کسی سمجھوتے پر منتج ہوں گے، ایک ایسا سمجھوتہ کہ جس سے ایران کو پرامن ایٹمی انرجی سے استفادہ کرنے کے حق کی ضمانت ملے گی اور دوسری طرف وہ، ایران کے مد مقابل کو ایران کے ایٹمی پروگرام کے خلاف بہانے بازی کرکے غلط فائدہ اٹھانے سے باز رکھے گا-

شام کے اس عہدیدار نے اپنے ملک کے مفادات نیز پرامن ایٹمی انرجی سے استفادہ کرنے کےحق کا تحفظ کرنے میں ایرانی مذاکرات کار ٹیم کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ مغربی ملکوں کو اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے کئی برسوں سےعائد ظالمانہ پابندیاں ہٹادینی چاہیئیں- واضح رہے کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ نے جمعرات کی رات، ایران کے ایٹمی معاملے کے تعلق سے حتمی معاہدے کے فریم ورک کے بارے میں اتفاق کیا ہے-

.......

/169