4 اپریل 2015 - 11:06
بحرین: وسیع پیمانے پر گرفتاریاوں پر تشویش کا اظہار

بحرین میں آل خلیفہ کے ہاتھوں بےگناہ عوام کی گرفتاریوں پر عالمی حلقوں نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اب مغربی ملکوں میں انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی آل خلیفہ کے مظالم کے خلاف احتجاج کرنے لگی ہیں- یاد رہے کہ مغربی ملکوں کی انسانی حقوق تنظیموں نے اپنی حکومتوں کی طرح آل خلیفہ کی ظالمانہ پالیسیوں پر خاموشی اختیار کررکھی تھی- قابل ذکر ہے کہ ہیومن رائٹس واچ نے بحرین کے انسانی حقوق کے اہم کارکن نبیل رجب کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے- آل خلیفہ نے کئی مہینوں قبل بھی نبیل رجب کو گرفتار کیا تھا- ہیومن رائٹس واچ میں مشرقی وسطی اور شمالی افریقہ کے عھدیدار جو اسٹارک نے آل خلیفہ کے اتحادیوں بالخصوص امریکہ اور برطانیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بحرین کی شاہی حکومت پر نبیل رجب کو رہا کرنے کے لئے دباؤ ڈالیں- واضح رہے کہ نبیل رجب کو محض اس وجہ سے گرفتار کیا گیا کہ انہوں نے اپنے ٹوئٹر اکاونٹ پر آل خلیفہ کے کارندوں کے ہاتھوں قیدیوں کو پہنچائی جانے والی جسمانی ایذاؤں پر تشویش کا اظہار کیا تھا- ادھر آل خلیفہ کی ایک نام نہاد عدالت نے جمعیت الوفاق کے سیکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کی مدت حراست میں بائیس اپریل تک توسیع کردی ہے- شیخ علی سلمان کو بحرینی قوم کے حقوق اور ان کی آزادی اور انصاف پسندی کے مطالبے کی بنا پر گرفتار کرکے جیل میں ڈال دیا گیا ہے- شیخ علی سلمان، اٹھائیس دسمبر سے قید میں ہیں- آل خلیفہ نے انہیں رہا کرنے کی قومی اور بین الاقوامی اپیلوں کو مسترد کردیا ہے- واضح رہے کہ بحرین میں آل خلیفہ نے بڑے پیمانے پر سیاسی رہنماؤں کو گرفتار کرنا شروع کردیا ہے- بتایا جاتا ہے کہ تمام رجسٹرڈ سیاسی پارٹیوں کے رہنما اس وقت آل خلیفہ کی کال کوٹھریوں میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں- مبصرین کا کہنا ہےکہ آل خلیفہ کے یہ اقدامات انسانی حقوق، عالمی قوانین اور آزادی بیان کے منافی ہیں- آل خلیفہ کی حکومت نے چار برسوں قبل عوامی تحریک شروع ہونے کے بعد سے ہزاروں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کو جیلوں میں ڈال رکھا ہے- ملت بحرین اپنے حقوق کی بازیابی اور آل خلیفہ کی جاہلانہ امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کررہی ہے- آل خلیفہ کی کال کوٹھریوں میں ایک سو پچاس بچے بھی قید ہیں جبکہ دو سو افراد، آل خلیفہ کے کارندوں کے ہاتھوں جسمانی ایذاؤں اور ناروا سلوک کی بنا پر معذور بن چکے ہیں- آل خلیفہ کے ہاتھوں سیاسی رہنماؤں اور بے گناہ عوام کی گرفتاری اور انہیں جسمانی ایذائیں پہچانا نیز سیاسی تنظیموں پر پانبدیاں لگانا ایسے امور ہیں کہ جن سے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کی ظالمانہ حقیقت سامنے آجاتی ہے-

.......

/169