21 مارچ 2015 - 10:49
نئے شمسی سال کے موقع پر صدر روحانی کا پیغام

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے پیغام نوروز میں پائیدار ترقی، غیرپیٹرولیم اشیا کی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی کو نئے شمسی سال میں حکومت کے تین اہداف قراردیا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے پیغام نوروز میں پائیدار ترقی، غیرپیٹرولیم اشیا کی برآمدات میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع کی فراہمی کو نئے شمسی سال میں حکومت کے تین اہداف قراردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق صدر مملکت جناب ڈاکٹر حسن روحانی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ نئے سال میں عوام کی مدد سے ان اہداف کے حصول کے لئے نئے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے گزشتہ سال کے دوران حکومت کی کامیابیوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے افراط زر پر کنٹرول، اقتصادی جمود کے خاتمے، غیر پیٹرولیم برآمدات میں اضافے، تیل پر انحصار میں کمی اور اقتصادی ترقی کی راہ پر گامزن رہنے کو تمام ایرانیوں کا مرہون منت قراردیا۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ اللہ تعالی کے لطف و کرم اور رہبر انقلاب اسلامی کی رہنمائی نیز عوام کی حمایت سے نئے سال میں امید ہے کہ حکومت مزید ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی عوام نے استقامتی اقتصاد کے سلسلے میں جو کام کیا ہے وہ دباؤ اور پابندیوں کے حالات میں بھی ایرانی عوام کی عظیم کامیابیوں کا سبب بنا ہے۔ ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایران کی ایٹمی مذاکراتی ٹیم کی کامیابی نے یہ ثابت کردیا کہ عوام کو پابندیاں قبول نہیں ہیں اور حکومت اور عوام کے درمیان رابطہ اور ایک دوسرے پر اعتماد اس بات کا باعث بنے گا کہ ایرانی قوم اپنی کامیابیوں کی منازل طے کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب ایران کے بائیکاٹ کا نہیں بلکہ ایران کے ساتھ مفاہمت کے لئے رسہ کشی کا دور ہے اور بڑی طاقتوں نے یہ بات سمجھ لی ہے کہ پابندیاں اور دھمکیاں بے کار ہیں۔ صدر مملکت نے ملت ایران کے ایٹمی حقوق کو مسلمہ حقوق قراردیا اور کہا کہ ایران کے خلاف پابندیوں کی پالیسی ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے دیگر ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ ایران کے تعلقات میں تمام میدانوں میں فروغ پیدا ہوا ہے اور دیگر ممالک کے سلسلے میں ایران کی پالیسی کشیدگی میں کمی اور تعاون میں فروغ پر مبنی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲