11 مارچ 2015 - 17:14
افغانستان: جنگ کی شکل میں تبدیلی ایک بڑا خطرہ

افغانستان کے صدر اشرف غنی نےکہا ہےکہ دنیا میں جنگ کی شکل تبدیل ہو گئی ہے اور اس تبدیلی نے علاقے اور دنیا کے لیے نئے خطرات پیدا کر دیئے ہیں۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے صدر محمد اشرف غنی نے بدھ کو کابل میں ہالینڈ کے وزرائے خارجہ اور دفاع سے ملاقات میں کہا کہ ان خطرات کو دور کرنے کے لیے علاقائی اور عالمی سطح پر مشترکہ تعاون کی سخت ضرورت ہے۔ انھوں نے اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنےکے لیے پہلا قدم اس کی صحیح اور دقیق شناخت ہے، کہا کہ دہشت گردی ایک سسٹم میں تبدیل ہو چکی ہے اور اس کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں مشترکہ طور پر سعی و کوشش کرنی چاہیے۔
ہالینڈ کے وزیرخارجہ نے بھی مختلف شعبوں میں افغانستان کے ساتھ تعاون کرنے کے لئے اپنے ملک کی آمادگی کا اعلان کیا -ہالینڈ نے افغانستان کے ساتھ ایک سو اسی ملین یورو امداد کے سلسلے میں کابل میں ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں- اس معاہدے پر افغانستان کی طرف سے افغان وزیرخارجہ صلاح الدین ربانی اور ہالینڈ کی جانب سے وزیر خارجہ البرٹ کویندرز نے دستخط کیے- اس موقع پر خاصی تعداد میں صحافی اور ذرائع ابلاغ کے نمائندے بھی موجودتھے.

.......

/169