اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان انتخابات کیلئے ایک مضبوط شیعہ، سنی الائنس بنائیں گے، ہم چوروں لیٹروں کی بجائے عوام کی خدمت، ترقی و خوشخالی کا جذبہ رکھنے والے نوجوانوں کو ٹکٹ دیں گے، حکمران دھاندلی کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں تو بہتر ورنہ عوام کی طاقت کا سامنا نہیں کر سکیں گے، خطے میں امن اور ترقی کیلئے پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ ناگزیز ہو چکا ہے، استحکام پاکستان کیلئے تمام اداروں اور سیاسی جماعتوں کے ساتھ مذہبی جماعتوں کو بھی اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔ وہ دورہ کویت کے دوران ''استحکام پاکستان اور ہماری ذمہ داریاں'' کے موضوع سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امور خارجہ کے سیکرٹری علامہ ڈاکٹر شفقت شیرازی، منہاج القرآن انٹرنیشنل، شہید عارف الحسینی فاونڈیشن کے اراکین، کویت میں پاکستانی کمیونٹی سے متعدد سیاسی اور سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
بعدازاں منہاج القرآن انٹرنیشنل کی طرف سے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا گیا، سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سر براہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ عوامی تحریک اور مجلس وحدت مسلمین کے درمیان شاندار رفاقت ہے جسکا مقصد ملک میں ظلم، ناانصافی، کرپشن کا خاتمہ اور ملک میں ایسی انتخابی اصلاحات لانا ہے جن کے ذریعے ملک میں مکمل طور پر شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جا سکے، کیونکہ شفاف انتخابات کے بغیر اقتدار عوام کو منتقل کرنا ممکن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں ہونیوالے عام انتخابات ہمارے لیے انتہائی اہم ہیں اور ہم نے اس میں بھرپور حصہ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے ہم شیعہ سنی اتحاد بنا رہے ہیں، جو یقیناً تمام مخالفین کو شکست دیگا اور اس اتحاد میں ہم عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والوں کو ہی ٹکٹ دیں گے تاکہ وہ اسمبلی میں اپنے ذاتی فوائد کی بجائے صوبے اور عوام کی تر قی و خوشخالی کیلئے بات کریں۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲