اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراقی فوج کے ایک کمانڈر نے داعش دہشتگرد گروہ کے خلاف کی جانے والی کاروائی کے بارے میں کہا ہے کہ العلم اور البوعجیل کے علاقوں میں دہشتگردوں کا محاصرہ کرلیا گیا ہے اور شہر مکیشفہ کو مکمل طور پر آزاد کرایا جاچکا ہے۔ تنظیم البدر کے سربراہ کے ترجمان نے بھی کہا ہے کہ العلم اور البوعجیل کے جلد ہی آزاد کرالیا جائےگا۔ ترجمان کے مطابق مکیشفہ کے علاقے کو مکمل طور پر آزاد کروا کر داعش دہشتگردوں کا صفایا کردیا گيا ہے اور اطراف کے علاقوں سے بھی اس دہشتگرد گروہ کے عناصر راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔ یہ شہر، سامرا سے تکریت جانے والے راستے میں واقع ہے جسے داعش دہشتگردوں نے اپنا مضبوط گڑھ بنا رکھا تھا۔ عراق کے صوبے صلاح الدین کے مختلف علاقوں میں گذشتہ ایک ہفتے کے دوران داعش دہشتگرد کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا ہے اور اس صوبے کے مختلف علاقوں میں عوامی رضاکاروں کے تعاون سے عراقی فوجیوں کی پیش قدمی بدستور جاری ہے۔ عراقی فوجی ذرائع کے مطابق اس صوبے کے صدر مقام تکریت بھی عنقریب آزاد کرالیا جائےگا۔ درایں اثنا موصل کے تمام علاقوں سے داعش دہشتگرد گروہ کا صفایا کرنے کا عمل مکمل ہونے کے ساتھ ہی پورے عراق سے جلد ہی داعش دہشتگرد گروہ کا خاتمہ ہوجائےگا۔
.......
/169