اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اردن کے نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ ناصرجودہ نے سنیچر کی شام تہران میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر سے ملاقات کی- صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس ملاقات میں صہیونی حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی علاقوں اور غزہ، اسی طرح لبنان اور پورے علاقے کے عوام پر پچھلے کئي عشرے سے صیہونیوں کے مظالم بڑھتے جارہے ہیں - صدر حس روحانی نے کہا کہ مشرق وسطی میں امن و استحکام اسی صورت میں قائم ہوگا جب علاقائي اور عالمی ممالک مل کر صیہونی حکومت کو اس بات پر مجبور کریں کہ وہ ظلم وجارحیت سے باز آجائے- صدر ڈاکٹرحسن نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ تہران مسلم اور علاقائي ملکوں منجملہ اردن کے ساتھ اپنے تعلقات کی توسیع میں کسی حد کا قائل نہيں ہے کہا کہ ایران اور اردن کے عوام کے تعلقات دیرینہ اور تاریخی ہیں اس لئے آج دونوں ملکوں کے تعلقات اور تعاون کی سطح دونوں قوموں کے مفادات کی بنیادپر تقویت پانی چاہئے- اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ اس وقت علاقے میں بے شمار مسائل اور مشکلات پائی جارہی ہیں کہا کہ ایران صرف علاقے میں امن و استحکام چاہتا ہے- انہوں نےکہا کہ علاقے کی مشکلات اور مسائل خطے کے ممالک کے ذریعے ہی حل ہوسکتے ہيں -صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ دہشت گردی آج سب کے لئے خطرہ ہے اور اس حقیقت سے انکار نہيں کیا جاسکتا کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے دہشت گردی کے خطرے کے پھیلنے کے بارے میں پہلے ہی بارہا خبردار کیا تھا اور اس بات پر بھی زوردیا تھا کہ اس خطرے کو باہمی تعاون کے ذریعے ہی روکا جاسکتا ہے- صدرڈاکٹر روحانی نے اس بات کا ذکرکرتے ہوئے کہ جرائم پیشہ دہشت گرد کسی پربھی رحم نہیں کرتے، اردن کے پائلٹ کو زندہ چلادینے کےداعش کے اقدام کا حوالہ دیا اور کہا کہ اس قسم کے وحشیانہ اقدام سے انسان کا دل دہل جاتا ہے اور اس قسم کے وحشیانہ اقدامات ایک بار پھر ثابت کردیتے ہيں کہ دہشت گردی ایک عالمی خطرہ ہے- صدر روحانی نے علاقےکے ملکوں منجملہ شام، عراق، لبنان، یمن اورلیبیا میں جاری بحران کا ذکرکرتے ہوئے کہاکہ علاقے کے مسائل سیاسی طریقے سے اور خود انہی ملکوں کےعوام اور گروہوں کےذریعے ہی حل ہونے چاہئيں - اس ملاقات میں اردن کے وزیرخارجہ ناصرجودہ نے بھی صدر ڈاکٹر روحانی اور ایرانی عوام کے لئے شاہ اردن کا سلام پہنچایا اور کہاکہ اردن سمجھتا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران عرب دنیا کے لئے ایک اہم ملک ہے اردن کے وزیرخارجہ نے اسی طرح ایران کے ایٹمی معاملے کو بات چیت کے ذریعے حل کئے جانے کے ایران کے موقف کی حمایت کی -
۔۔۔۔۔۔۔
/169