اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق مدارس جعفریہ پاکستان کا ایک اجلاس لاہور میں منعقد ہوا، جس کی صدارت رکن مجلس نظارت علّامہ ناظم رضا عترتی نے کی۔ اجلاس میں صدر علّامہ سیّد حُسین نجفی اور سیکرٹری جنرل مولانا حسنین عارف کے علاوہ دیگر علمائے کرام نے بھی شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سیّد حُسین نجفی نے کہا کہ شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ کی زندگی، قرآن و اہلبیت کی تعلیمات کا عملی نمونہ ہے، شہید ڈاکٹر نے اپنے مقدس ترین پیشے کو بہت احس طریقے سے نبھایا اور ساتھ ساتھ سماجی و مذہبی ذمّہ داریوں میں ایک اعلٰی ترین مثال قائم کی، امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان جیسا شجرہِ طیبہ پروان چڑھایا، جو شہید کی دکھائی ہوئی راہوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوانانِ پاکستان کو ایسے بابصیرت کردار کی پیروی کرنی چاہیے، شہید کی زندگی کے تمام پہلو بہت روشن اور قابلِ تقلید ہیں، ان میں سے کسی پہلو پر بھی ہمارے جوانوں کی توجہ رہے تو وہ اس میدان میں کمال پر پہنچ سکتے ہیں، شہید نے ثابت کیا کہ دین کی خدمت محض عالم بن کر نہیں، بلکہ ایک پروفیشنل انسان اپنے شعبہ میں رہ کر بھی دینی امور اور عالمِ اسلام کے اجتماعی امور کے لئے اپنا کردار ادا کرسکتا ہے، شہید کے کردار اور بصیرت کا ہی اثر ہے کہ آج پاکستان میں جوانانِ امامیہ صیہونیت کے خلاف آواز اُٹھا رہے ہیں اور اپنی زندگیوں میں ولایتِ فقیہ کے پیروکار ہیں۔ اجلاس کے اختتام پر شہید ڈاکٹر محمد علی نقوی ؒ اور تمام شہدائے ملت کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
.......
/169