26 فروری 2015 - 14:29
قم میں مراجع عظام سے ڈاکٹر روحانی کی ملاقاتیں + تصاویر

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے دشمنوں کی سازشوں اور پابندیوں کو ناکام بنانے کے لیے کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کی رات قم میں حوزہ علمیہ قم کے اساتذہ اور محققین کی کونسل مجمع مدرسین ومحققین کے سربراہ حجت الاسلام والمسلمین سید حسین موسوی تبریزی اور اس کونسل کے اراکین سے ملاقات میں کہا کہ ایران کو دشمنوں کی سازشوں کی وجہ سے نقصان اٹھانا پڑا لھذا مشکلات کو دور کرنے اور مطلوبہ اقدام کے لیے حالات فراہم کرنے کے لیے وقت اور تعاون کی ضرورت ہے-

انھوں نے حوزہ علمیہ کے مراجع، علماء، فضلا، اساتذہ اور محققین سے قریبی تعلقات رکھنے کے لیے حکومت کی کوششوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے کاندھوں پر بھاری ذمہ داری ہے اور آج ضرورت ہے کہ سب اتحاد و یکجہتی کے ساتھ کوشش کریں تاکہ یہ ذمہ داری مطلوبہ منزل تک پہنچ سکے-
صدر مملکت حسن روحانی نے اسی کے ساتھ صحت و سلامتی کے شعبے میں حکومت کے اقدامات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم اقدام کہ جسے بعض ملکوں کے حکام نے بھی سراہا اور حتی تعجب کا اظہار کیا ہے، ایک ایسے وقت انجام پایا ہے کہ جب ایران پر پابندیاں عائد ہیں-

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر نے قم میں مراجع کرام سے ملاقات میں اپنی حکومت کی کارکردگی کی مختصررپورٹ پیش کی۔

 صدرمملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے بدھ کی رات قم میں مرجع تقلید آیت اللہ صافی گلپائگانی سے ملاقات میں حکومت کے اہم ترین پروگراموں اوراقدامات کی مختصررپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ مرجع کرام کی رہنمائی انقلابی امنگوں اور عوامی خواہشات کے تناظر میں حکومتی پروگراموں کی تیاری اور ان پرعمل درآمد میں بہت ہی مددگار ہوتی ہیں-
آیت اللہ صافی گلپائیگانی نے بھی اس ملاقات میں کہا کہ خارجہ پالیسی پر توجہ دینا بہت ہی اہم ہے اور صرف ایک ملک یا چند ممالک ہی خارجہ پالیسی کی توجہ کا مرکز نہیں ہونے چاہییں بلکہ دیگر ملکوں کے ساتھ بھی تعمیری تعلقات پر توجہ دینی چاہیے-
آيت اللہ العظمی گلپائگانی نے دہشتگرد گروہوں کے خطرات کے بارے میں کہا کہ داعش جیسے رجعت پسند اور دہشت گرد گروہوں کی تشکیل کی زمینوں اور محرکات کو بھی ان کے خلاف جنگ میں نظرانداز نہیں کرنا چاہیے- صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسی طرح ایک اور مرجع تقلید آیت اللہ موسوی اردبیلی سے بھی جمعرات کو قم میں ملاقات کی اور ایران کے اہم ترین مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کیا-
آیت اللہ موسوی اردبیلی نے اس ملاقات میں صحت اور طب کے شعبے میں حکومت کے اقدامات کو انتہائی اہم اور مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت ملت ایران کے ووٹوں سے وجود میں آئی ہے اور اقتصاد اور معیشت کے شعبے میں حکومتی اقدامات کی حمایت کرنا سب کا فریضہ ہے-

صدر جمہوریہ ڈاکٹر حسن روحانی نے قم میں اپنے سفر کے دوران تاہم مراجع عظام آیت اللہ صافی گلپائیگانی، آیت اللہ مکارم شیرازی، آیت اللہ نوری ہمدانی، آیت اللہ وحید خراسانی اور آیت اللہ موسوی اردبیلی سے ملاقات کی ہے۔

.......

/169