26 فروری 2015 - 12:09
بحرینی عوام کی انقلابی تحریک

بحرین میں جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ شیخ علی سلمان کی گرفتاری کے خلاف ملک گیر مظاہروں میں شدت آگئي ہے

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بحرینی عوام نے بدھ کی رات ملک کےمختلف علاقوں منجملہ البلاد القدیم ، الدیہ، سار اور دارالحکومت منامہ، میں مظاہرے کئے اور عدالت کی جانب سے شیخ علی سلمان کے خلاف مقدمے کو آئندہ پچیس مارچ ماہ تک ملتوی کئے جانے اور ان کی گرفتاری کی مدت میں توسیع کی مخالفت کی۔ بحرینی مظاہرین نے شیخ علی سلمان اور دیگر تمام سیاسی قیدیوں کی غیر مشروط اور فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے، سیاسی قیدیوں کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ آل خلیفہ حکومت، ظالمانہ مقدمات، غیر منصفانہ احکامات اور شہریوں کی شہریت سلب کرنے جیسے اقدامات سے بحرینی عوا کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور نہیں کرسکتی۔ واضح رہے کہ بحرین کی جمعیت الوفاق اسلامی کے سربراہ شیخ علی سلمان کے خلاف بحرین کی عدالت میں بدھ کے روز مقدمے کی سماعت ہونی تھی تاہم اسے پچیس مارچ تک ملتوی کرکے ان کی گرفتاری کی مدت میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔ اس درمیان جمعیت الوفاق اسلامی نے بھی ایک بیان میں شیخ علی سلمان پر مقدمہ چلانے کے آل خلیفہ کے اقدام کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شیخ علی سلمان کی گرفتاری جاری رکھنے سے ایک بارپھر یہ بات ثابت ہوجاتی ہے کہ ملک میں حقیقی اور بنیادی اصلاحات کی ضرورت ہے - بیان میں کہا گيا ہے کہ ملک کے سیاسی بحران کو ،اوچھے ہتھکنڈوں سے حل نہيں کیاجاسکتا۔ بحرین کے علماء نے بھی ایک بیان میں جمعیت الوفاق اسلامی کے سکریٹری جنرل کے خلاف عائد مقدمے کی مذمت کی اور کہا کہ شیخ علی سلمان پر مقدمہ ، عوام،ضمیر،انسانیت اور حق و انصاف کی آواز کے خلاف مقدمہ چلانے کے مترادف ہے۔دوسری جانب چودہ فروری کے انقلاب کے نوجوانوں کے اتحاد نے بھی شیخ علی سلمان کے خلاف مقدمے کو سیاسی قرار دیا اور کہا کہ عوام اور مخالف شخصیات کی گرفتاری اور ان پر مقدمےسے انقلابی تحریک میں اور زیادہ شدت آئے گي- ایمنسٹی انٹر نیشنل نے بھی اپنی رپورٹ ميں سیاسی مخالفین کے خلاف بحرینی حکومت کے اقدامات پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ بحرین کا شاہی نظام بدستور اپنے سیاسی مخالفین کو کچل رہا ہے اور انہيں سزائیں دے رہا ہے.

.......

/169