24 فروری 2015 - 11:11
مشرق وسطیٰ میں انتہاپسندی کا ذمہ دار امریکہ: روس

روس نے دنیا پر تسلط حاصل کرنے کی غرض سے، امریکہ پر مشرق وسطی میں انتہاپسندی کو ھوا دینے اور افرا تفری پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ روس کے وزیرخارجہ سرگئی لاؤروف نے دنیا پرتسلط حاصل کرنے کی غرض سے امریکہ پر مشرق وسطی ميں بالواسطہ طور پر انتہاپسندی کو ھوا دینے اور افرا تفری پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے۔ سرگئی لاؤروف نے پیر کو عالمی امن و سلامتی کے موضوع پر اقوام متحدہ میں منعقدہ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شام اور عراق میں امریکہ کی سربراہی میں اتحادی فوجیوں کی کاروائیاں، دوہزار تین میں عراق پر امریکہ کی یلغار اور دو ہزار گیارہ میں لیبیا میں فوجی مداخلت، مشرق وسطی میں بحران کا باعث بنی ہیں۔ لاؤروف نے امریکہ کا نام لئے بغیر اس کی خارجہ پالیسیوں کو مشرق وسطی کے علاقے میں اقوام متحدہ کے بنیادی اصولوں کی کھلی مخالفت قرار دیا اور کہا کہ ان تمام اقدامات کا سرچشمہ دنیا پر تسلط حاصل کرنے کی امریکی خواہش ہے۔ روس کے وزیرخارجہ نے ایک بار پھر اس بات پر تاکید کرتے ہوئے کہ مشرق وسطی اور شمالی افریقہ کا علاقہ اس وقت افرا تفری کے عالم میں ہے، ان علاقوں میں انتہاپسند گروہوں کی تشکیل کو عدم استحکام کا نتیجہ قرار دیا۔ روس کے وزيرخارجہ سرگئی لاؤروف نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کو بین الاقوامی اختلافات کو حل کرنے کےلئے مزید موثر کردار ادا کرنا چاہئے۔ روس کے وزیرخارجہ نے کہا کہ اقوام متحدہ کو دنیا میں امن و ثبات برقرار رکھنے کے لئے ٹھوس اور موثر کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دنیا پرتسلط حاصل کرنے کی کوشش اس ادارے کے منشور کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲