12 فروری 2015 - 07:36
ایرانی حکام ایٹمی سمجھوتے کے مخالف نہیں ہیں

ایران کی مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا ہے کہ اسلامی جمہوری نظام کا ایک بھی عہدیدار ایٹمی سمجھوتے کا مخالف نہیں ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق ایران کی پارلیمنٹ، مجلس شورا‏ئے اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بدھ کو اصفہان میں اسلامی انقلاب کی کامیابی کی سالگرہ کی ریلی میں کہا کہ حکومتی عہدیدار ایٹمی معاملے میں اچھے سمجھوتے کی حمایت کرتے ہیں ایسا سمجھوتہ جو عوام کے لئے آبرومندانہ ہو اور ایٹمی میدانوں میں انجام دی گئي کاوشوں کے ثمرات کے تحفظ اور اس کی کامیابی کی پیشرفت کی زمین ہموار کرے۔ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر نے کہا کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان طے پانے والا سمجھوتہ ایسا ہونا چاہئے جس سے ایرانی عوام کے خلاف عائد ظالمانہ پابندیوں کا خاتمہ ہوسکے اور اگر مذاکرات اس دائرے ميں آگے بڑھیں اورنتیجہ خیز ثابت ہوں تو وہی اچھا سمجھوتہ ہے- ڈاکٹر لاریجانی نے کہا کہ یہی وہ چیز ہےجس پر رہبر انقلاب نے بھی اپنی حالیہ تقریر میں تاکید فرمائی ہے - ڈاکٹر لاریجانی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ امریکہ اورگروپ پانچ جمع ایک، مذاکرات کی راہ میں اگر دو چیزوں سے پرہیز کریں تو وہ اس مرحلے میں ایران کے ساتھ سمجھوتہ کرسکتے ہیں- اول یہ کہ سمجھوتہ بین الاقوامی اصول اور قوانین کی بنیاد پر ہو اور دھوکہ دینے یا ایران کے لئے خاص اصول و ضوابط وضع کرنے کی غرض سے نہ ہو ورنہ ان شاطرانہ چالوں کا جواب ایرانی قوم کی طرف سے منفی ہوگا۔ اور دوسرے یہ کہ مغربی ممالک، مذاکرات میں اپنی ضرورتوں کو ایران کو رعایت دینے کے طورپر پیش کرنے کی کوشش نہ کریں اس لئے کہ ان کی اس قسم کی رعایتوں کو کوئی بھی اہمیت نہيں دے گا-

.......

/169