اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ انصار اللہ تحریک کے سربراہ عبدالملک حوثی نے ہفتے کے روز صنعا میں منعقد ہونے والے قومی جشن میں جو نئے عبوری آئين اور عبوری صدارتی کونسل کے اعلان کی مناسبت سے ہوا، تقریر کرتے ہوئے کہا کہ یمن کے عوام فتنہ پرور طاقتوں کے مقابلے میں ڈٹ جائيں گے عبدالمالک حوثي نے ملت یمن کے خلاف نئی داخلی اور خارجی سازشوں کا پردہ چاک کرتے ہوئے کہا کہ ملت یمن داخلی اور خارجی فتنوں کے مقابلے میں پوری قوت کے ساتھ کھڑی ہے- انہوں نے آئین کے اعلان کو ایک تاریخی اور ذمہ دارانہ قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئین کے اعلامئے نے انتقال اقتدار کا مرحلہ طے کرنے کے راستے کو قومی شراکت کی سمت موڑ دیا ہے- عبدالملک حوثی نے سیاسی خلا کو ملک کے لئےنقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی و سکیورٹی نقطۂ نظر سے ملک میں سیاسی خلا ملک کے مفاد میں نہیں ہے-
تحریک انصار اللہ کےسربراہ عبدالملک حوثی نے یمن میں تفرقہ انگیز اقدامات کےبارے میں خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ملت یمن تمام سازشوں کو ناکام بنا دے گی- انہوں نے یمن کی سیاسی قوتوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آئین کا اعلامیہ جاری کرنے کے سلسلے میں اٹھائے گئے قدم پر ہنگامہ کھڑا کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور سیاسی جماعتوں کو ذمہ دارانہ اور مدبرانہ طرزعمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے-
عبدالملک حوثی نے کہا کہ ملت یمن کی خدمت کے سلسلے میں ملک کی تعمیر وترقی اور قومی شراکت کا راستہ ہموار ہے – انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ملت یمن فتنہ انگیزی کے لیے بعض سیاسی طاقتوں کے ہر قسم کے احمقانہ اقدام کا مقابلہ کرے گی- انہوں نے اس بات کا اعلان کرتے ہوئے کہ انصار اللہ کوشش کر رہی ہے کہ قومی پارلیمنٹ حقیقی معنی میں ایک قومی ادارہ ہو، مزید کہا کہ یمن میں کسی بھی سیاسی طبقے کے ساتھ منفی سلوک کا جواز موجود نہیں ہے- عبدالملک حوثی نے کہا کہ عالمی برادری یمن کے خلاف ظالمانہ بیانات جاری کرنے کے بجائے ملت یمن کے ساتھ مثبت تعاون کرے- تحریک انصار اللہ کے سربراہ نے جنوبی یمن کے عوام کے مطالبات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ بعد والے مرحلے میں جنوبی یمن کے لوگوں کے مسئلے پر توجہ دی جائے گی کیونکہ یہ انقلاب، یمن کے تمام لوگوں کا انقلاب ہے اور یمنی عوام ایک متحد قوم کے خواہش مند ہیں-
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲