اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ کے قانونی ماہرین نے ایک بیان میں بحرین کی جمعیت اسلامی الوفاق کے سربراہ شیخ علی سلمان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ آل خلیفہ حکومت نےبحرین کی جمعیت اسلامی الوفاق کے سکریٹری جنرل شیخ علی سلمان کو گذشتہ اٹھائیس دسمبر کو بیہودہ الزامات عائد کرکے گرفتار کرلیا تھا۔ شیخ علی سلمان کو اس وقت گرفتار کیا جب اس سے کچھ روز قبل جمعیت اسلامی الوفاق کے ارکان نے انہيں ایک بارپھر پارٹی کا سربراہ منتخب کیا تھا۔ شیخ علی سلمان پر حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ وہ لوگوں کو حکومت کے خلاف تشدد پر اکساتے تھے اور اس کے ذریعے وہ بحرینی حکومت کا تختہ الٹنا چاہتے تھے۔ اقوام متحدہ کے قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ غلط اور بے بنیاد الزامات کے تحت شیخ علی سلمان کی گرفتار ی آزادی بیان کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ اس بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ شیخ علی سلمان کے خلاف مقدمہ غیر منصفانہ ہے اور ان کے وکیل کو کیس کی تفصیلات سے باخبر ہونے کی بھی اجازت نہیں دی جارہی ہے تا کہ وہ اپنے موکل کی بے گناہی ثابت کرنے کے لئے مقدمے کی پیروی کرسکے۔ اقوام متحدہ کے قانونی ماہرین نے آل خلیفہ کی جیل سے شیخ علی سلمان کی رہائی کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت بحرین کو چاہئے کہ وہ فوری طورپر شیخ سلمان کو رہا کردے۔ اقوام متحدہ کے قانونی ماہرین نے مطالبہ کیا جو افراد بھی آزادی بیان اور اپنی رائے کا اظہار کرنے بناء پر گرفتارکئے گئے ہیں انہیں رہا کیا جائے۔ اقوام متحدہ کے قانونی ماہرین نے اسی طرح بہّتر بحرینی باشندوں کی شہریت منسوخ کئےجانے پر بھی کڑی تنقید کی اور اس قسم کے اقدامات کو مخالفین کو سرکوب کرنے کی ایک غلط روش سے تعبیر کیا۔ بحرین میں، جو امریکہ کا اتحادی ملک ہے اور اس ملک میں امریکی فوج کا اڈہ بھی ہے، فروری دو ہزار گیارہ سے حقیقی جمہوریت کے قیام کے لئے وسیع پیمانے پر پرامن عوامی مظاہرے جاری ہیں۔ بحرینی عوام سیاسی اصلاحات، انصاف اور جمہوریت کے قیام کے حق میں اور ساتھ ہی امتیازی سلوک روا رکھے جانے کے خلاف مظاہرے کررہے ہیں۔ اس درمیان عوامی مظاہروں کو کچلنے کے لئے بحرین کی آل خلیفہ حکومت کے ساتھ سعودی عرب کے فوجی بھی عوام کو سرکوب کررہے ہیں۔ خلیج فارس تعاون کونسل کی مشترکہ فوج بھی اس سلسلے میں حکومت بحرین کی مدد کررہی ہے۔ بحرین میں جاری پرامن عوامی تحریک میں اب تک سیکڑوں افراد شہید یا زخمی ہوچکے ہيں جبکہ بڑی تعداد میں لوگوں کو جیلوں میں ڈال دیا گيا ہے لیکن اس کے باوجود بحرینی عوام کی جدو جہد اور انقلابی تحریک جاری ہے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲