اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کے صوبے نینوا کے ایک مقامی عہدیدار کا کہنا ہے کہ داعش دہشتگرد گروہ کے عناصر نے پہلے قلعہ سے معروف اس کلیسا کے اموال اور وہاں کی دیواروں پر لکھی تحریروں اور کتیبوں کو تباہ کیا اور پھر اس تاریخی کلیسا کو دھماکے سے اڑا دیا- اس عراقی عہدیدار کے مطابق شہر موصل کے دیگر کلیساؤں اور اسی طرح دیگر اقلیّتوں کے اسکول کا مستقبل بالکل غیر یقینی ہے اور داعش دہشتگرد گروہ، انھیں بھی تباہ کرسکتا ہے- جون سنہ دو ہزار چودہ میں موصل پر قبضہ کرنے کے بعد سے داعش دہشتگرد گروہ نے، ابتک کئی مساجد منجملہ پیغمبروں سے موسوم تاریخی مقامات، یونس جامع مسجد ، مسجد شیث اور اسی طرح کئی کلیساؤں کو منہدم کردیا ہے- دوسری جانب عراق کی وزارت داخلہ کے ترجمان سعد معن نے کہا ہے کہ عراقی فضائیہ نے سامرا میں التعاون، شارع وطبان اور النّخوہ نامی علاقوں میں داعش دہشتگرد گروہ کے ٹھکانوں پر حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں اکیانوے دہشتگرد ہلاک ہوگئے ہیں- سامرا کے مغرب میں عوامی رضاکاروں نے بھی داعش دہشتگردوں کے خلاف کاروائی میں متعدد دہشتگردوں کو ہلاک کردیا ہے -
.......
/169