اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق عراق کی کرد پیشمرگہ فورسز نے کرکوک شہر کے جنوب میں تیل کے ذخائر پر داعش کے قبضے کے چند گھنٹوں کے بعد ہی ان پر دوبارہ کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔
پیشمرگہ فورسز کے ایک عہدیدار میجر جنرل رسول قادر نے بتایا کہ کرد فوج اور پولیس نے شہر کے جنوب میں خباز تیل ریفائنری پر داعش کے قبضے کے چند گھنٹوں بعد ہی اسے آزاد کرا لیا اور وہاں پر یرغمال بنائے گئے 24 ملازمین کو بھی بازیاب کرا لیا ہے۔
تکفیری دہشت گرد گروہ داعش نے سنیچر کو تیل ریفائنری پر قبضہ کر لیا تھا۔
سنیچر کو داعش کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران، داعش کے ایک اسنائپر نے پیشمرگہ کے میجر جنرل حسین منصور کو ہلاک کر دیا۔
جنرل قادر نے بتایا کہ کرد فوج اور پولیس نے کرکوک کے جنوب میں 35 کلومیٹر دور ملا عبداللہ کے مقام پر واقع خباز تیل ریفائنری کا مکمل کنٹرول اپنے ہاتھ میں لے لیا ہے۔
جنرل قادر کے مطابق، داعش کے خلاف تازہ آپریشن نہایت کامیاب اور نتیجہ خیز رہا ہے جس کے نتیجے میں خباز اور دیگر دیہات سے بھی داعش کو نکال باہر کیا گیا۔
اب آئل ریفائنری اور اس کےآس پاس کے تمام دیہات پر کرد فوج کا کنٹرول قائم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ داعش کے مسلح جنگجو اپنے ساتھیوں کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے ہیں۔
.......
/169